Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کانکنی اور صنعتی کنسلٹینسی کے  پیشے سعودی شہریوں کے لیے مختص 

کانکنی اور صنعتی کنسلٹینسی کے پرمٹ کی شرائط جاری کی گئی ہیں( فوٹو: اخبار24)
سعودی حکومت نے کانکنی اور صنعتی کنسلٹینسی کے  پیشے مقامی شہریوں کے لیے مختص کر دیے ہیں۔
وزارت صنعت و معدنیات کے پرمٹ کے بغیر ان دونوں پیشوں میں سے کسی پر کام نہیں کیا جا سکے گا۔ 
اخبار 24 کے مطابق سعودی وزیر صنعت و معدنیات بندر الخریف نے کانکنی اور صنعتی کنسلٹینسی کے پرمٹ کی شرائط جاری کی ہیں۔
  ان کے تحت کانکنی کی مشاورت یا صنعتی کنسلٹینسی کا پرمٹ اسی شخص کو دیا جائے گا جو سعودی شہری ہوگا اور سعودی عرب کے کسی کالج یا یونیورسٹی سے گریجویشن کیے ہوئے ہوگا۔ بیرون مملکت کسی بھی ایسی یونیورسٹی اور کالج کی ڈگری بھی معتبر ہوگی جسے سعودی عرب میں تسلیم کیا جاتا ہو۔ 
ڈگری ہولڈرکے لیے ضروری ہوگا کہ وہ جس پیشے کے لیے پرمٹ جاری کرانا چاہتا ہے ڈگری کا تعلق اسی سے ہو۔ 
صنعتی کنسلٹینسی یا کانکنی کی مشاورت کا پرمٹ جاری کرانے کے حوالے سے ایک شرط یہ بھی ہے کہ امیدوار کم از کم تین برس کا تجربہ رکھتا ہو۔ تجربہ یونیورسٹی اور کالج سے ڈگری کے بعد کا شمار کیا جائے گا۔ 
وزارت کا کہنا ہے کہ پرمٹ اجرا کی تاریخ سے تین سال تک موثر ہوگا۔ اس میں ایک  مدت یا اس سے زیادہ مدت کی توسیع کی جاسکتی ہے۔
پرمٹ ختم ہونے سے کم از کم 60 روز قبل توسیع کی درخواست دینا ہوگی۔ 
وزارت صنعت و معدنیات نے پرمٹ ہولڈرز کو تین زمروں میں تقسیم کیا ہے۔ کنسلٹنٹ گروپ (الف) کنسلٹنٹ گروپ (ب) اور کنسلٹنٹ گروپ (ج) 
وزارت نے کہا ہے کہ پرمٹ ہولڈر کو پیشے کے ضابطہ اخلاق کی پابندی کرنا ہوگی، خلاف ورزی پر انتباہ دیا جائے  گا اور پرمٹ ختم کر دیا جائے گا۔ 

شیئر: