ابھا کے فارم میں خود سٹرابری توڑ کر کھانے کا لطف اٹھائیں
اتوار 23 جولائی 2023 5:06
روزانہ تین سے چار ہزار سیاح سٹرابری فارم کا رخ کر رہے ہیں۔ (فوٹو: اخبار 24)
سعودی عرب میں ابھا ریجن کے بنو مازن قریے میں سٹرابری فارم ’السحاب‘ سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کیے ہوئے ہے۔
روزانہ تین سے چار ہزار سیاح باغات سے خود سٹرابری توڑنے کے لیے یہاں کا رخ کر رہے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق سٹرابری فارم ’السحاب‘ کے مالک یحیی الالمعی نے سٹرابری کی پیداوار اور مالی منافع کے لیے فارم کے دروازے سیاحوں کے لیے کھول دیے۔
یحیی الالمعی کا کہنا ہے کہ ’2015 میں سٹرابری کی پیداوار شروع ہوئی تھی۔ ابتدا میں سٹرابری کے دس ہزار بیلیں تھیں۔ اب تین باغات ہیں جہاں بیلوں کی تعداد چار لاکھ ہے۔‘
گزشتہ سال 41 ہزار ٹن سٹرابری پیدا ہوئی تھی۔ اس سال پیداوار میں اضافہ متوقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’بنو مازن قریہ ابھا کے السودہ سیاحتی علاقے میں واقع ہے۔ ہمارا فارم عسیر ریجن کے بالکل شروع کے باغات میں سے ایک ہے۔‘
یحیی الالمعی نے کہا کہ ’علاقے آب و ہوا موسم گرما میں سٹرابری کی کاشت کے لیے مناسب ہے۔ سیاح باغ میں گھوم پھر کر خوش ہوتے ہیں اور بیلوں سے براہ راست سٹرابری توڑ کر کھانے کا لطف اٹھاتے ہیں۔ انہیں سٹرابری کا تازہ جوس بھی فراہم کیا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’میرے بھائی اور رشتہ دار بھی باغ کی دیکھ بھال میں ساتھ دیتے ہیں۔ سٹرابری فارم روزانہ ظہر کے بعد سے مغرب تک سیاحوں کے لیے کھولا جاتا ہے۔‘