امدادی ٹیم نے کنویں میں گرنے والے کو نکال لیا
متاثرہ شخص کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کردیا گیا(فوٹو، ٹوئٹر)
طائف میں شہری دفاع کے اہلکاروں نے اندھے کنویں میں گرنے والے شخص کو بحفاظت نکال لیا۔
عاجل نیوز کے مطابق ریجنل شہری دفاع کے ٹوئٹرپر جاری مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ کنٹرول روم کو اطلاع ملی کہ ایک شخص کنوئیں میں گرگیا ہے۔
اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کے ہنگامی امدادی یونٹس جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جنہوں نے متاثر شخص کو کنویں سے نکالنے کی کارروائی کا آغاز کیا۔
شہری دفاع کے امدادی یونٹ کی ٹیم نے کنویں میں رسی ڈالی جس کی مدد سے ایک اہلکار کنویں میں اتار اورمتاثرہ شخص کو سہارا دیتے ہوئے اسے باہر نکالنے میں کامیاب ہوگیا۔
کنویں سے باہر نکالنے کے بعد متاثرہ شخص کو ابتدائی طبی امداد مہیا کی گئی بعدازاں اسے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
اس حوالے سے شہری دفاع کا کہنا تھا کہ تفریح کےلیے جانے والے افراد احتیاطی تدابیر اختیار کریں خاص کربچوں کو اپنے نظروں سے دور نہ کریں اوران کا خاص خیال رکھیں۔