سعودی آرامکو نے 40 ٹن ’ بلیو امونیا‘ کی کھیپ جاپان بھیج دی
جمعہ 28 جولائی 2023 19:00
بلیو امونیا سے کاربن فری توانائی تیار کی جائے گی (فوٹو: اخبار 24)
سعودی آرامکو کمپنی سعودی عرب سے’بلیوامونیا‘ کی ایک کھیپ جاپان بھیج دی۔
اخبار 24 کے مطابق آرامکو کمپنی اور جاپان کے انرجی اکنامک انسٹی ٹیوٹ (آئی ای ای جے) نے سابک کی شراکت سےبلیو امونیا کی پیداوار اور برآمد میں کامیابی حاصل کی ہے۔
آرامکو نے بیان میں کہا کہ ’اعلی معیارکی 40 ٹن بلیو امونیا جاپان بھیجی گئی ہے جس سے کاربن فری توانائی تیار کی جائے گی‘۔
آرامکو کا کہنا ہے کہ ’یہ کامیابی ایسے وقت میں ملی ہے جبکہ توانائی کے بین الاقوامی نظام میں ہائیڈروجن کے استعمال کے حوالے سے توقعات بڑھتی جارہی ہیں‘۔
’امونیا، توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب کے چیلنجوں پر پورا اترنے میں مدد گار ثابت ہوگی۔ یہ ہائیڈروجن کے تین ذروں اور نائٹروجن کے ایک ذرے کا مرکب ہے‘۔
سعودی آرامکو کے اعلی عہدیدار احمد الخویطر نے کہا کہ’ بلیو امونیا کی پیداوار اور برآمد میں کامیابی سعودی عرب اور جاپان کے درمیان کامیاب شراکت کی علامت بن گئی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ آرامکو دنیا بھر سے کاربن فری توانائی کی تیاری کے حوالے سے ترقی یافتہ ٹیکنالوجی کے حصول میں مدد لے رہی ہے‘۔