غلاف کعبہ کی تیاری، زائرین کیسے حصہ لے سکتے ہیں؟
غلاف کعبہ کے مختلف حصوں کا انتخاب بھی نمائش میں سجایا گیا ہے (فوٹو: عاجل)
سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ ’غلاف کعبہ کی کڑھائی، سلائی اور بنائی میں کسوہ نمائش کے وزیٹرز حصہ لے سکتے ہیں، انہیں اس کا موقع دیا جائے گا‘۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے حرمین شریفین انتظامیہ کے ماتحت نمائشوں اور عجائب گھروں کے ادارے کے سیکریٹری سطام المطرفی نے کہا کہ ’زائرین غلاف کعبہ کی تیاری کے تمام مراحل کا تعارف دیکھ سکیں گے۔ نمائش میں اس کا اہتمام کیا گیا ہے‘۔
علاوہ ازیں غلاف کعبہ کے مختلف حصوں کا انتخاب بھی نمائش میں سجایا گیا ہے۔
سطام المطرفی کا کہنا ہے کہ’ انتظامیہ یہ چاہتی ہے کہ دنیا بھر کے زائرین نمائش دیکھ کر مسجد الحرام، خانہ کعبہ اور غلاف کعبہ کے حوالے سے سعودی حکومت کی کاوشوں سے واقف ہوں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’غلاف کعبہ کے مختلف حصوں کو دکھانے، غسل کعبہ کی رسم اور دیگر تقریبات کے حوالے سے ورچول نمائش اور ای ایپلی کیشنز کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے‘۔