Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

باجوڑ: دوست کی غیر ملکی سے شادی کی جھوٹی خبر پوسٹ کرنا نوجوان کو مہنگا پڑ گیا

پولیس کو ابتدائی معلومات کے بعد پتہ چلا کہ پوسٹ جھوٹی تھی (سکرین شاٹ)
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع باجوڑ میں سوشل میڈیا پر فیک نیوز پھیلانے کے جرم میں پولیس نے شہری کو گرفتار کر لیا ہے۔
سنیچر کو سوشل میڈیا پر محمد گلاب خان نامی صارف نے غیر ملکی خاتون کی باجوڑ آمد کی جعلی خبر دی۔ جس پر پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ضلع باجوڑ  نے اس شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔
اتوار کو خیبرپختونخواہ پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک پیغام میں بتایا گیا ہے کہ ’گذشتہ روز سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی جھوٹی خبر جس میں ایک غیر ملکی خاتون کا ضلع باجوڑ کے رہائشی محمد اسحاق ولد سکنہ خونہ سالارزئی کی محبت میں گرفتاری اور باجوڑ آمد کا ذکر تھا، اس پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ سوشل میڈیا صارف محمد گلاب کو گرفتار کر کے ان کے خلاف متعلقہ سیکشن کے تحت مقدمہ درج کر کے حوالات تھانہ میں بند کیا گیا ہے۔‘
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ’واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر جعلی اور جھوٹی خبریں پھیلانا قانونی جرم ہے۔ جس کی سزا قانون میں واضح ہے۔‘
 تفصیلات کے مطابق تھانہ سالار زئی میں درج ایف آئی آر کے مطابق پولیس کو ابتدائی معلومات کے بعد پتہ چلا کہ پوسٹ جھوٹی تھی۔ محمد گلاب نے اپنے دوست کے بارے میں پوسٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’برطانوی دوشیزہ کی باجوڑ سے تعلق رکھنے والے نوجوان محمد اسحاق کی محبت میں باجوڑ پہنچ گئی ہے۔‘
 پوسٹ وائرل ہونے کے بعد پولیس غیر ملکی خاتون کو سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے محمد اسحاق کے گھر پہنچی تو پتا چلا کہ ایسا کچھ نہیں ہوا ہے۔ خبر غلط  ہونے پر پولیس نے پوسٹ کرنے والے نوجوان محمد گلاب کے خلاف  مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا ہے۔
واضح رہے  انجو نامی انڈین خاتون اپنے فیس بک دوست نصر اللہ سے ملنے صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع دیر بالا آئی ہوئی ہیں جہاں انہوں نے اسلام قبول کر لیا ہے۔
اس کے علاوہ ضلع چارسدہ میں بھی جنوبی امریکہ کے ملک چِلی سے تعلق رکھنے والی خاتون مقامی نوجوان کے عشق میں گرفتار ہو کر چارسدہ پہنچ چکی ہے۔

شیئر: