برسوں سے پاکستان اور سعودی عرب شانہ بشانہ کھڑے رہے: نائب وزیر خالد المدیفر
نائب وزیر کان کنی خالد صالح المظفر نے کہا کہ دونوں ملکوں نے ضرورت کے وقت ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔ (فوٹو: سکرین گریب)
سعودی عرب کے نائب وزیر صنعت و معدنیات انجینیئر خالد المدیفر نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ معدنیات کے شعبے میں تعلقات بڑھانا چاہتے ہیں۔
منگل کو معدنیات کے شعبے میں غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے منعقد ’پاکستان منرل سمٹ‘ سے خطاب میں نائب وزیر صنعت و معدنیات خالد المدیفر نے کہا کہ یہ شعبہ انسانی وسائل کی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان معدنیات سے مالا مال ملک ہے، کان کنی اور معدنیات کے شعبے میں مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ برسوں سے پاکستان اور سعودی عرب شانہ بشانہ کھڑے رہے اور ضرورت کے وقت ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔
خالد المدیفر نے کہا کہ معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری سے خطے میں تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا۔
نائب وزیر صنعت و معدنیات خالد المدیفر کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں نے مملکت کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی وزیر کے پاکستان سے متعلق جذبات کی قدر کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب اور پاکستان دو برادر ملک ہیں اور ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔‘
اس موقع پر وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان میں سونا، تانبا سمیت دیگر کئی قیمتی معدنیات کے چھ ٹریلین ڈالر مالیت کے ذخائر موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کے وژن کے حصول کے لیے معدنیات کا شعبہ اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
اس تقریب میں پاکستان کے وفاقی وزرا، غیرملکی سفیر اور مندوبین نے شرکت کی۔