سعودی کابینہ نے منگل کو ہونے والے اجلاس میں نائیجر کے صدر محمد بازوم کے خلاف گزشتہ ہفتے ہونے والی بغاوت کو مسترد کیا ہے۔
اجلاس میں نائیجر کے قومی مفادات کو ترجیح دینے، فوجی کشیدگی کو روکنے کےلیے مملکت کے مطالبے کو دہرایا گیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کابینہ کا اجلاس منگل کو جدہ کے قصر السلام میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
مزید پڑھیں
اجلاس میں گزشتہ دنوں متعدد ممالک کے ساتھ سعودی قیادت کے مذاکرات کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی۔
سوڈان، نائیجر اورعلاقائی و بین الاقوامی صورتحال کے حوالے سے متعدد رپورٹیں پیش کی گئی ہیں۔
مسلم وزرائے خارجہ کے اس ہنگامی ورچول اجلاس کی قراردادوں کا بھی جائزہ لیا گیا جس میں سویڈن اور ڈنمارک میں قرآن پاک کی بار بار بے حرمتی پر بحث کی گئی تھی۔
اجلاس میں اقوام و ممالک کے درمیان احترام اور مکالمے کی قدروں پر زور دیتے ہوئے نفرت و انتہا پسندی کے پرچار کی ہر کوشش کو مسترد کیا گیا۔
کابینہ نے گزشتہ دنوں قومی معیشت کی کارکردگی کے عمدہ گراف اور مستقبل کے حوالے سے توقعات پر مشتمل رپورٹوں کا جائزہ لیا۔
بڑے بین الاقوامی اداروں کی جانب سے شرح نمو برقرار رکھنے اور آئندہ سال اس میں تیزی سے اضافے کی توقعات پر اطمینان ظاہر کیا گیا۔
اجلاس میں جامع اقتصادی شرح نمو بہتر بنانے کے حوالے سے اقتصادی و مالیاتی اصلاحات کے عمدہ نتائج پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
بجلی، تجدد پذیر توانائی اور ماحول دوست ہائیڈوجن کے شعبوں میں تعاون کے حوالے سے مصر کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی گئی۔
وزیر صنعت و معدنیات و قائم مقام وزیر اطلاعات بندر الخریف نے اجلاس کے بعد بتایا کہ کابینہ میں علاقائی و بین الاقوامی حالات پر متعدد رپورٹیں پیش کی گئی ہیں۔
کابینہ نے وزیر توانائی کو بلغاریہ کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر مذاکرات، وزیرسپورٹس کو بحرین کے ساتھ سپورٹس میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر مذاکرات، وزیر ماحولیات و پانی و زراعت کو پولینڈ اور تاجکستان کے ساتھ زراعت کے شعبے میں مفاہمتی یادداشتوں پر مذاکرات کے اختیارات تفویض کیے۔
جمہوریہ موزمبیق کے ساتھ زراعت اور دیہی ترقی کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی گئی۔
#فيديو_واس | #خادم_الحرمين_الشريفين يرأس جلسة #مجلس_الوزراء.https://t.co/kRkgRgLpMM#واس pic.twitter.com/Dlj07v6EzY
— واس الأخبار الملكية (@spagov) August 1, 2023