ٹریلر کے ریلیز ہونے کے بعد اب جمعرات کے روز غدر اِک پریم کتھا کا مشہور زمانہ گانا ’میں نکلا گڈی لے کے‘ غدر ٹو میں ایک مرتبہ پھر سے ریلیز کیا جا رہا ہے۔
بدھ کے روز اس گانے کا ٹیزر یوٹیوب پر جاری کیا گیا جس میں سنی دیول، امیشا پٹیل اور اتکرش شرما کو دیکھا جا سکتا ہے۔
22 برس قبل اس گانے کو اُدت نارائن نے گایا تھا جب کہ اس مرتبہ اُدِت نارائن کے ساتھ اُن کے بیٹے ادتیہ نارائن اور معروف موسیقار میتھون کی آواز بھی اس گانے میں شامل ہوگی۔
اس فلم کی کہانی 1947 کے بٹوارے کے گرد گھومتی ہے جہاں تارا (سنی دیول) اور سکینہ (امیشا پٹیل) ایک دوسرے سے شادی کرتے ہیں لیکن اُن کی خوشیاں تب غم میں تبدیل ہو جاتی ہیں جب سکینہ کے والد اسے پاکستان میں رہنے پر مجبور کرتے ہیں جس سے وہ اپنے شوہر سے جدا ہو جاتی ہے۔
غدر اک پریم کتھا کہانی سمیت گانوں، حب الوطنی، اور ڈائیلاگز کی وجہ سے خاص و عام میں اپنی ریلیز کے 22 برس بعد بھی مقبول ہے۔
اگر غدر ٹو کی بات کی جائے تو ٹریلر کے مطابق اس فلم میں تارا سنگھ (سنی دیول) اپنے بیٹے کو پاکستان کے قبضے سے چھڑانے آتے ہیں۔
غدر ٹو میں سنی دیول کے ساتھ مرکزی کردار امیشا پٹیل ادا کر رہی ہیں جب کہ فلم کی کاسٹ میں اُتکرش شرما، منیش وَدھوا، گوروؤ چوپڑا اور لوو سنہا شامل ہیں جبکہ انیل شرما اس فلم کے ہدایت کار ہیں۔