انڈیا کے زیر کنٹرول کشمیر کی صورتحال پر تشویش ہے: او آئی سی
پانچ اگست 2019 کو اٹھائے گئے غیر قانونی اقدامات کو منسوخ کرنے کا مطالبہ دہرایا ہے(فوٹو: عاجل)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے جموں وکشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حیثیت کی یکطرفہ تبدیلی کے چار سال مکمل ہونے پر انڈیا کے زیر کنٹرول کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اوآئی سی کے جنرل سیکرٹریٹ نے بیان میں متنازع علاقے کے ڈیمو گرافک ڈھانچے کو تبدیل کرنے کے لیے پانچ اگست 2019 کو اٹھائے گئے تمام غیر قانونی اقدامات کو منسوخ کرنے کا مطالبہ دہرایا۔
حق خودارادیت کی جدوجدہ میں جموں وکشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کی تجدید کی گئی۔
او آئی سی نے بیان میں جموں وکشمیر سے متعلق اسلامی سربراہی اجلاس اور تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے فیصلوں کا حوالہ دیا جس میں جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
او آئی سی جنرل سکرٹریٹ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ’ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے کوششیں بڑھائے‘۔