Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی نائب وزیر خارجہ کی آرمی چیف سے ملاقات، کئی شعبوں میں تعاون بڑھانے کا جائزہ لیا

ملاقات میں بین الاقوامی سطح پر ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال بھی کیا گیا (فوٹو: سعودی سفارتخانہ)
سعودی عرب کے نائب وزیر خارجہ انجینیئر ولید بن عبد الکریم الخریجی نے دار الحکومت اسلام آباد میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔
جمعرات کو سعودی سفارت خانے نے ٹویٹ میں لکھا کہ آرمی چیف نے نائب وزیر خارجہ اور ان کے ساتھ آنے والے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ دورانِ ملاقات فریقین نے تعاون کے کئی شعبوں میں مضبوط برادرانہ تعلقات کو بڑھانے اور ترقی دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔
اسی طرح بین الاقوامی سطح پر ہونے والی پیش رفت اور اس سلسلے میں کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات میں پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے بھی شرکت کی۔
گذشتہ روز وزیر خارجہ انجینیئر ولید بن عبدالکریم الخریجی نے اسلام آباد میں پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی تھی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں ملکوں اور برادرعوام کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں انہیں بڑھانے اور ترقی دینے کا جائزہ لیا گیا۔
متعدد امور میں جوائنٹ کوآرڈینیشن کو تیز کرنے کے پہلووں، بین الاقوامی سطح پر ہونے والی پیش رفت اور اس سلسلے میں کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
توانائی، زراعت، آئی ٹی اور کان کنی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر گفتگو کی گئی۔

شیئر: