Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نماز جمعہ کے دوران امام حرم کی طبیعت ناساز، عبدالرحمن السدیس نے نماز مکمل کرائی 

مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں امام حرم  شیخ ماہر المعیقلی کی طبیعت اچانک خراب ہوجانے پر جمعے کی نماز شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے مکمل کرائی۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق امام حرم شیخ ماہر المعیقلی جمعے کا خطبہ مکمل کرکے نماز شروع کراچکے تھے۔ سورۃ فاتحہ پڑھتے ہوئے ان کی طبیعت بگڑ گئی۔
جس پر پہلی صف میں موجود امام و خطیب حرم شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس آگے بڑھے اور انہوں نے جمعے کی نماز مکمل کرائی۔ 
بعدازاں حرمین شریفین مذہبی امور ادارے کے سربرہ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے امام حرم شیخ ماہر المعیقلی کی مزاج پرسی کی۔ 
مسجد الحرام و مسجد نبوی دینی امور کے ادارے کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ’ امام حرم و خطیب شیخ ڈاکٹر ماہر المعیقلی کی خطبہ جمعہ کے اخر میں طبیعت ناساز ہوگئی تھی‘۔
’انہوں نے جمعے کی نماز شروع کردی تھی مگر مکمل نہ کراسکے۔ اس پر مسجد الحرام و مسجد نبوی مذہبی امور کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے جمعہ کی نماز مکمل کرائی‘۔ 
ترجمان کا کہنا ہے کہ ’امام حرم ماہر المعیقلی کی صحت تسلی بخش ہے اور وہ خیریت سے ہیں۔ کسی طرح کی پریشانی کی کوئی بات نہیں‘۔
سوشل میڈیا پر امام حرم شیخ المعیقلی کی طبیعت کی ناسازی کی اطلاع پر صارفین ان کی صحت کے لیے دعائیں کررہے ہیں۔
 یاد رہے کہ اسلامی شریعت نے اس بات کی گنجائش دی ہے کہ اگر نماز پڑھاتے ہوئے کوئی حادثہ پیش آجائے تو ایسی صورت میں نمازیوں میں سے کوئی ایک آگے بڑھ کر امام کی جانشینی کرتے ہوئے نماز مکمل کراسکتا ہے۔

شیئر: