پاکستان فٹ بال ٹیم کی کپتان ماریہ خان نے سعودی کلب جوائن کرلیا
سعودی عرب کے ساتھ میچ میں ماریہ خان کی فری کِک کے باعث مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا (فوٹو: ایسٹرن فلیمز ٹوئٹر)
پاکستان ویمن فٹ بال ٹیم کی کپتان ماریہ خان نے سعودی عرب کے ’ایسٹرن فلیمز ایف سی‘ فٹ بال کلب کو جوائن کر لیا ہے اور وہ سعودی خواتین کی پریمیئر لیگ کے سیزن میں بھی حصہ لیں گی۔
عرب نیوز پاکستان کے مطابق امریکی نژاد 31 سالہ فٹ بالر ماریہ خان گذشتہ برس پاکستان کی خواتین کی قومی فٹ بال ٹیم کی کپتان بنی تھیں اور نیپال میں ہونے والی ساؤتھ ایشیئن فٹ بال چیمپئن شپ میں حصہ لیا تھا۔
نادي شعلة الشرقية یا ایسٹرن فلیمز فٹ بال کلب نے گذشتہ روز ایک ٹویٹ میں اعلان کیا کہ ’ماریہ خان نے ایسٹرن فلیمز ایف سی کو جوائن کر لیا ہے۔ کلب کی انتظامیہ نے پہلی غیرملکی خاتون کو شامل کیا ہے جو سعودی پریمیئر لیگ کے سیزن میں کھیلیں گی۔‘
ایسٹرن فلیمز ایف سی کی ویب سائٹ کے مطابق یہ سعودی خواتین کی پہلی فٹ بال ٹیم ہے جو 2006 میں وجود میں آئی۔ یہ ٹیم 2020 اور 2021 میں سعودی عرب کے مشرقی صوبے کی چیمپئن رہی۔
رواں برس کے آغاز میں پاکستانی ٹیم نے چار ملکی ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لیے ماریہ خان کی کپتانی میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔
اگرچہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم رنراپ رہی، لیکن سعودی عرب کے ساتھ میچ میں ماریہ خان کی فری کِک کے باعث مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا، اور سوشل میڈیا پر پاکستانی کپتان کے چرچے رہے۔