ہوائی جہاز کا ٹکٹ خریدنے سے قبل چند اہم اور مفید مشورے
ہوائی جہاز کا ٹکٹ خریدنے سے قبل چند اہم اور مفید مشورے
ہفتہ 12 اگست 2023 20:09
ایسی آن لائن مارکیٹنگ سائٹس موجود ہیں جو متعدد فضائی کمپنیوں کے ٹکٹوں کا موازنہ بھی پیش کرتی ہیں (فائل فوٹو: ایس پی اے)
اندرون یا بیرون ملک سفر کرنے والوں کو سب سے مشکل صورت حال کا سامنا اس وقت کرنا پڑتا ہے جب وہ فلائٹ بُکنگ کے مرحلے سے گزر رہے ہوتے ہیں۔
بیشتر افراد کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ وہ مناسب نرخوں پر ٹکٹ حاصل کرسکیں تاکہ اضافی مالی بوجھ کا سامنا نہ کیا جاسکے۔
سستا ٹکٹ کیسے حاصل کریں؟
سستی فلائٹ کیسے اور کہاں سے حاصل کی جائے؟ یہ وہ سوال ہے جو اکثر وبیشتر سننے کو ملتا ہے اس کے لیے کوئی ایک طریقہ نہیں جس پر عمل کرتے ہوئے آپ سستے ایئر ٹکٹ حاصل کرسکتے ہیں۔
بعض اوقات آپ کو کسی حد تک ذہن کو استعمال کرنا ہوتا ہے یا یوں کہیں کہ کچھ محنت کرنا پڑتی ہے۔
اس حوالے سے عربی میگزین ’سیدتی‘ میں بعض نکات بیان کیے گئے ہیں جن پر عمل کرتے ہوئے سیاحتی ٹور کے لیے ارزاں فضائی ٹکٹ کا حصول ممکن ہوسکتا ہے۔
ٹُور بکنگ کے لیے بہترین سائٹس؟
ایسی آن لائن مارکیٹنگ سائٹس موجود ہیں جو فضائی کمپنیوں کے ٹکٹوں کا موازنہ بھی پیش کرتی ہیں جن میں پروازوں کے اوقات بھی شامل ہوتے ہیں۔
اس طرح آپ انفرادی طور پر ہر ایئرلائن کی ویب سائٹ پر جانے اور قیمتوں کا جائزہ لینے کی کوفت سے بچ جاتے ہیں اور آپ کو ایک ہی پیچ پر تمام معلومات حاصل ہوجاتی ہیں۔
فلائٹ ٹرکس، بکنگ ایپس
انٹرنیٹ پر بے شمار ٹریول ویب سائٹس موجود ہیں جن کی اپنی ایپس بھی ہیں اس لیے آپ کسی بھی ایپ کو انسٹال کرنے سے قبل اس کی ویب سائٹ پر وزٹ کرنے کے بعد اس کے فیچرز کو دیکھیں اور دیگر ویب سائٹ سے اس کا موازنہ کریں، بعدازاں جو پسند آئے اسے انسٹال کرلیں۔
یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ سستی پروازوں کو تلاش کرنے کے لیے ایسی ایپس بہتر ہوتی ہیں جو ٹکٹ کے کرایوں کو دنوں کے حساب سے واضح کرتی ہیں جس سے آپ کو اندازہ ہو جاتا ہے کہ کب ٹکٹیں سستی ہیں اور کب ان کے نرخوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
اپنے پروگرام کو مدنظر رکھتے ہوئے آپ کو ٹکٹ حاصل کرنے میں کافی سہولت ہو جاتی ہے۔
فضائی کمپنی سے براہ راست بکنگ کرائیں:
اگرچہ سستی پروازوں کی تلاش کے لیے موجود ویب سائٹس کے ذریعے آپ کو ٹکٹوں کے نرخ معلوم ہو جاتے ہیں تاہم بہتر یہ ہے کہ براہ راست اسی کمپنی کی ویب سائٹ سے ٹکٹ حاصل کیا جائے جس کا ٹکٹ آپ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
فضائی کمپنی کے نمائندے سے رابطہ:
ماہرین کے نزدیک سستے ٹکٹ حاصل کرنے کی ایک اور ٹِپ یہ ہوسکتی ہے کہ آپ براہ راست فضائی کمپنی کے نمائندے سے رابطہ کریں اور اسے یہ باور کرائیں کہ آپ اپنے ٹور کے لیے سستی ٹکٹ حاصل کرنے کے تلاش کی مہم پر ہیں۔
ون وے ٹکٹ خریدیں:
سستی پروازوں کے حصول کے لیے بعض اوقات آپ کو اہم معلومات سے بھی باخبر رہنے کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ آپ فضائی کمپنیوں کے بارے میں یعنی ان کے شیڈول اور نرخوں میں کمی بیشی کے بارے میں بھی درست معلومات حاصل کرسکیں۔
ٹکٹ بکنگ کے لیے ایک تجویز یہ بھی ہے کہ آپ ایک راؤنڈ ٹرپ ٹکٹ کے بجائے دو راؤنڈ ٹرپ ٹکٹوں کی قیمتوں کا جائزہ لیں۔
اس میں محض آپ کا ایک یا زیادہ سے دو منٹ کا وقت لگ سکتا ہے اور آپ اچھی طرح قیمتوں کا تعین کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔ اس لیے بہتر ہے کہ آپ کسی ایک منزل کے لیے راؤنڈ ٹرپ بُک کرانے کے بجائے ون وے بکنگ حاصل کریں۔
بعدازاں واپسی کے لیے کسی دوسرے آپشن کو بھی بعد میں دیکھا جا سکتا ہے، اس سے آپ کو کافی بچت بھی ہوسکتی ہے۔