Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی سستی ایئرلائن فلائی جناح کا 31 اکتوبر سے آغاز

فلائی جناح پاکستان کی پانچویں نجی ایئرلائن کمپنی ہے (فائل فوٹو: جناح ایئرلائن ٹوئٹر)
پاکستان کی سستی ایئرلائن فلائی جناح 31 اکتوبر سے اپنے آپریشنز کا آغاز کرے گی۔
فلائی جناح کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’ایئرلائن کے آپریشنز کا آغاز کراچی، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ اور پشاور سے کیا جائے گا، جبکہ یک طرفہ سفر کا کم سے کم کرایہ 13 ہزار 999 روپے ہوگا۔‘
ایئرلائن کے مطابق ’مسافروں سے 10 کلو وزن تک ہینڈ بیگیج پر کوئی پیسے وصول نہیں کیے جائیں گے۔‘
فلائی جناح ایک پاکستانی پرائیویٹ جوائنٹ وینچر بجٹ ایئرلائن ہے۔ کراچی میں قائم، فلائی جناح ایئر عربیہ کے ذریعے چلائے جانے والے کامیاب معاشی کاروباری ماڈل کی پیروی کرتی ہے۔ یہ ملک کی پانچویں نجی ایئرلائن کمپنی ہے۔
قبل ازیں رواں ماہ کے آغاز میں فلائی جناح نے اعلان کیا تھا کہ اس نے ایئر آپریٹر سرٹیفکیٹ اور ایئر آپریٹنگ لائسنس حاصل کرلیا ہے، جس کے بعد ایئرلائن کو کراچی ایئرپورٹ سے کام کرنے کی اجازت ہوگی۔
ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ایئر آپریٹنگ سرٹیفکیٹ اور ایئر آپریٹنگ لائسنس کا حصول اس بات کی تصدیق ہے کہ فلائی جناح نے تمام پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ تمام حفاظتی ضوابط کی بھی پابندی کی ہے۔
’پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) کی طرف سے سخت معائنے کے مکمل ہونے کے بعد کمپنی مسافر اور کارگو ایئرلائن شروع کرنے کے لیے محفوظ ثابت ہوئی ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ایئر لائن نے پی سی اے اے کی طرف سے مقرر کردہ تمام تکنیکی اور آپریشنل تقاضوں کی مکمل تعمیل کی ہے۔‘

شیئر: