کون سے پانچ علاقے آئندہ ہفتے تک شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے؟
جولائی میں 46 سے 50 سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت رہا تھا (فوٹو: اخبار 24)
سعودی عرب کے پانچ علاقے الشرقیہ، ریاض، القصیم، شمالی حدود اور مدینہ منورہ بدھ 23 اگست سے آئندہ ہفتے تک گرمی کی شدید لہر کی لپیٹ میں رہیں گے۔
اخبار 24 کے مطابق یہ پانچ علاقے جولائی کے مہینے میں ایسی ہی گرم لہر سے کئی بار متاثر ہوچکے ہیں۔
اقوام متحدہ نے 2023 کے جولائی کو گرم ترین مہینہ قرار دیا ہوا ہے۔ جولائی میں 46 سے 50 سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت رہا تھا۔
مشرقی ریجن میں جولائی اور اگست 2023 کے دوران درجہ حرارت پچاس سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔ ماہ رواں کے دوران مشرقی ریجن 3 بار سے زیادہ گرمی کی شدد لہر سے دوچار ہوچکا ہے۔
9 اور21 اگست کو الشرقیہ میں درجہ حرارت 47 سے 48 سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔
النعیریہ، الخفجی، الجبیل، الخبر، دمام، القطیف، ظہران، الاحسا، راس تنورہ، بقیق ، حفر الباطن اور قریہ العلیا گرمی کی شدید لہر سے متاثر ترین کمشنریاں رہیں۔
ریاض ریجن کے مشرقی اور جنوبی علاقوں کا درجہ حرارت 46 سے 48 سینٹی گریڈ کے درمیان پایا گیا۔
القصیم ریجن کے مشرقی علاقوں میں گرمی کی لہر کے دوران 46 سے 48 سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
گرمی کی نئی شدید لہر ایسے وقت میں آرہی ہے جبکہ دنیا کے دیگر علاقوں میں گرمی کی شدید لہر آئی ہوئی ہے۔ سال رواں کے موسم گرما میں نئے ریکارڈ قائم ہوئے۔
2023 کے موسم گرما میں 6 جولائی کا دن تاریخ کا گرم ترین دن قرار دیا گیا ہے۔