بین الاقوامی شاہ عبدالعزیز مقابلہ حسن قرات، انعامی رقم بڑھا دی گئی
ابتدائی پانچ پوزیشنیں جیتنے والوں کو 40 لاکھ ریال کے انعامات دیے جائیں گے (فوٹو: اخبار 24)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں حسن قرات کا بین الاقوامی شاہ عبدالعزیز مقابلہ جمعے کو مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں شروع ہوگا۔
اخبار24 کے مطابق وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی کے زیر اہتمام مقابلے میں 117 ملکوں کے 166 امیدوار شریک ہوں گے۔
پانچ شعبوں میں ابتدائی پانچ پوزیشنیں جیتنے والوں کو چالیس لاکھ ریال کے انعامات دیے جائیں گے۔
وزیر اسلامی امور ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے بتایا کہ’ حفظ، حسن قرات اور تفسیر کے بین الاقوامی مقابلے سے دنیا بھر کے مسلمانوں میں قرآن کریم سے تعلق بڑھے گا۔ حفظ قرآن، حسن قرات اور تفسیر کے حوالے سے ایکد دوسرے پر سبقت لے جانے کا جذبہ فروغ پائے گا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ’ قرآن کریم کا بین الاقوامی مقابلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سعودی حکومت قرآن کریم اور حفاظ سے غیر معمولی دلچسپی رکھتی ہے‘۔
وزیر اسلامی امور نے کہا کہ ’مقابلے میں اول آنے والوں کےلیے انعامی رقم بڑھا دی گئی ہے۔ پہلے زمرے میں اول آنے والے کو پانچ لاکھ ریال کا انعام دیا جائے گا‘۔