Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: ٹرین میں آگ لگنے سے 10 افراد ہلاک متعدد زخمی

جب یہ جان لیوا واقعہ پیش آیا تو کوچ کو ٹرین سے الگ کر دیا گیا تھا۔ (فوٹو: ہندوستان ٹائمز)
انڈین نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق مدورائی ریلوے سٹیشن کے قریب رکی ہوئی ایک ٹرین کے کمپارٹمنٹ میں آگ لگنے سے 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
انڈیا کی جنوبی ریلوے سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ آگ سنیچر کی صبح پانچ بج کر 15 منٹ پر ایک ’پرائیوٹ پارٹی کوچ‘ میں لگی، جس میں لکھنؤ سے آنے والے 65 مسافر موجود تھے۔
بیان کے مطابق اس پارٹی کوچ نے 17 اگست کو لکھنؤ سے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا اور اتوار کو اس نے چنئی پہنچنا تھا جہاں سے واپس اس نے لکھنؤ آنا تھا۔
جب یہ جان لیوا واقعہ پیش آیا تو کوچ کو ٹرین سے الگ کر دیا گیا تھا اور اسے مدورائی سٹیبلنگ لائن پر رکھا گیا تھا۔

آگ کیسے لگی؟

مدورائی کی ڈسٹرکٹ کلکٹر ایم ایس سنگیتا نے کہا ہے کہ آگ اس وقت لگی جب کوچ کے مسافروں میں سے ایک نے کافی بنانے کے لیے گیس والا چولہا جلایا۔
جنوبی ریلوے کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر بی گوگنیشن نے ایک بیان میں کہا کہ مسافروں نے غیر قانونی طور پر گیس سلنڈر سمگل کیا تھا جس کی وجہ سے آگ لگی۔ مسافروں کو کوئی بھی آتش گیر مواد جیسے گیس سلنڈر لے جانے کی اجازت نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’جب کوچ کھڑی تھی، پرائیویٹ پارٹی کوچ میں پارٹی کے کچھ ارکان غیر قانونی طور پر سمگل شدہ کوکنگ گیس سلنڈر کو چائے یا ناشتے کی تیاری کے لیے استعمال کر رہے تھے، جس کی وجہ سے کھڑی ہوئی کوچ میں آگ لگ گئی۔ آگ لگنے پر زیادہ تر مسافر کوچ سے باہر نکل گئے جبکہ کچھ مسافر کوچ کے الگ ہونے سے قبل ہی پلیٹ فارم پر اتر چکے تھے۔‘
خیال رہے کہ انڈین ریلوے ایکٹ 1989 کی دفعہ 67,164 اور 165 کے تحت گیس سلنڈر، کریکر، تیزاب، مٹی کا تیل، پیٹرول، تھرمک ویلڈنگ، اور چولہا اور دھماکہ خیز مواد جیسی آتش گیر اشیا کو لے جانا قابل سزا جرم ہے۔

شیئر: