ریاض: نیمار کی گرل فرینڈ برونا بیان کاردی کی دریہ میں البجیری پارک کی سیر
برونا بیان کاردی اپنے بوائے فرینڈ برازیلین فٹبال سٹار نیمار کے ساتھ حال ہی میں ریاض پہنچی ہیں (فائل فوٹو: برُونا انسٹاگرام)
برازیلین فٹبال سپرسٹار نیمار کی پارٹنر برونا بیان کاردی ان دنوں سعودی عرب کے نظاروں سے لُطف اندوز ہو رہی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق برازیلین ماڈل جو کہ اُمید سے ہیں نے جمعہ کی رات الدریہ میں البجیری پارک کی سیر کی اور پھر انسٹاگرام کے پلیٹ فارم پر اس کی تصاویر شیئر کیں۔
انہوں نے انسٹاگرام پوسٹ پر لکھا کہ ’مجھے یہ پارک پسند ہے! فیملی کے ساتھ جانے کے لیے یہاں کا ماحول بہت عمدہ ہے، یہاں پر بے شمار ریسٹورنٹس اور عجائب گھر ہیں۔‘
برازیلین ماڈل نے مزید لکھا کہ ’یہاں آپ ’پرانے شہر‘ کو بھی دیکھ سکتے ہیں اور ساتھ ہی اس میں ایک بہت ہی جدید فن تعمیر اور خطاطی ہے۔‘
انہوں نے اپنی پوسٹ پر میوزیم اور گردونواح کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کیں۔
چند روز قبل برازیلین ماڈل کو دارالحکومت ریاض میں اطالوی ریستوران کِپرِیانی میں ڈِنر کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔
انہوں نے انسٹاگرام پر ریاض میں گھومنے پھرنے کے لمحات شیئر کیے جس میں اُن کے ہوٹل، سکائی لائن اور ریستوران میں کھانے پینے کی تصاویر شامل ہیں۔
برونا بیان کاردی سعودی کلب ’الہلال‘ میں شمولیت اختیار کرنے والے اپنے بوائے فرینڈ نیمار کے ساتھ حال ہی میں ریاض پہنچی ہیں۔
برُونا بیان کاردی پیشے کے لحاظ سے ماڈل اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ہیں جنہوں نے لوئی ویٹان، آف وائٹ اور بال مین جیسے بڑے برینڈز کے ساتھ کام کر رکھا ہے۔
نیمار اور برُونا کے ہاں جلد پہلے بچے کی پیدائش بھی متوقع ہے۔
برونا بیان کاردی انسٹاگرام پر غیر معمولی شہرت رکھتی ہیں جہاں اُن کے 71 لاکھ فالوورز ہیں جن کے لیے وہ فیشن اور بیوٹی کا مواد اپلوڈ کرتی ہیں۔