Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین کرکٹ بورڈ کے صدر کا دورہ پاکستان، ’جانے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں‘

بی سی سی آئی کے صدر اور نائب صدر 4 ستمبر کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈین کرکٹ بورڈ کے صدر روجر بنی نے ایشیا کپ کے لیے پاکستان کے دورے کی تصدیق کر دی ہے۔
اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق روجر بنی کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین کی باضابطہ دعوت پر آئندہ ماہ پاکستان جائیں گے۔
پی سی بی نے رواں ماہ کے آغاز میں انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر روجر بنی اور ان کی اہلیہ کو ایشیا کپ کے میچز دیکھنے اور پی سی بی کے عشائیے میں شرکت کا دعوت نامہ بھیجا تھا۔
ٹائمر آف انڈیا سے بات کرتے ہوئے روجر بنی نے بتایا کہ 4 ستمبر کو وہ بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا کے ہمراہ براستہ واہگہ بارڈر پاکستان جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اعشائیے میں شرکت کے علاوہ وہ چند میچز بھی پاکستان میں دیکھیں گے جبکہ 7 ستمبر کو واپسی ہو گی۔
2008 کے ممبئی حملوں کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہونے کے بعد بی سی سی آئی کے صدر کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔
یہ دورہ ایسے وقت پر ہو رہا ہے جب پاکستان نے آئندہ ماہ شروع ہونے والے او ڈی آئی ورلڈ کپ میچز کے لیے اپنی ٹیم انڈیا بھجوانے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان جانے سے پہلے روجر بنی سری لنکا کا دورہ کریں گے جہاں 2 ستمبر کو انڈیا اور پاکستان کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔
روجر بنی کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان جانے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہے اور ان کے پچھلے دورے بھی انتہائی خوشگوار گزرے تھے۔
’وہ (پاکستانی) بہت مہمان نواز ہیں۔ مجھے یاد ہے 1980 کی دہائی میں جب میں کچھ سٹورز میں گیا تو دکاندار انڈین کی مہمان نوازی کرنے پر بہت پرجوش تھے۔ جس سٹور پر بھی ہم گئے، ہمیں چائے پیش کی۔‘
بی سی سی آئی کے صدر روجر بنی نے آخری مرتبہ 2005 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جب ایشین کرکٹ کونسل نے پیس کیمپ کا انعقاد کیا تھا۔

شیئر: