Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’قرآن کریم حفظ کر کے والد کی وصیت پوری کی‘

والدہ کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہر پل میرا ساتھ دیا۔ (فوٹو سبق)
الفلوجہ کے عراقی لڑکے نے قرآن کریم حفظ کر کے اپنے والد کی وصیت پوری کر دی۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق عبداللہ احمد عبداللہ نے والدین کی تابعداری اور قرآن پاک سے وابستگی کی روشن مثال قائم کی ہے۔ 
عبداللہ نے بتایا کہ ’ان کے والد کم عمری ہی میں دنیا سے چلے گئے۔ جس وقت قرآن  کریم حفظ کرنا شروع کیا اس وقت میری عمر پندرہ برس تھی‘۔
عبداللہ کا کہنا تھا کہ ’والدہ نے بتایا کہ تمہارے والد کی وصیت ہے کہ قرآن کریم حفظ کرو۔ میرے والد عراقی کمشنری الانبار کی ایک مسجد کے امام تھے‘۔ 

کووڈ 19 کے دوران قرآن پاک حفظ کرنے کا اچھا موقع ملا۔ (فوٹو سبق)

عراقی لڑکےنے کہا کہ ’ دن رات محنت کرکے  قرآن کریم حفظ کرکے والد کا خواب شرمندہ تعبیر کردیا۔ کووڈ 19 کے دوران قرآن پاک حفظ کرنے کا اچھا موقع ملا‘۔ 
’ ہفتے میں ایک سپارہ حفظ کیا۔ والدہ سائے کی طرح میرے ساتھ رہتیں اور مجھ سے باقاعدہ حفظ کیا ہوا پارہ سنا کرتی تھیں‘۔ 
عبداللہ نے بتایا کہ ’ مقابلے کے امتحانات میں حصہ لیتا رہا۔ اب میرا خواب ہے کہ شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی مقابلے میں انعام حاصل  کروں‘۔ 
 ’سب سے پہلے تو  اپنی والدہ کے شکر گزار ہوں جنہوں نے ہر پل میرا ساتھ دیا اور ان تمام اساتذہ کا بھی مشکور ہوں جنہوں نے قرآن کریم حفظ کرنے میں تعاون کیا‘۔ 
عبداللہ کا کہنا تھا ’حفظ قرآن کے بین لاقوامی مقابلے کے انعقاد پر سعودی قیادت کے شکر گزار ہیں۔ وزارت اسلامی امور بھی شکریہ کی مستحق ہے جو ارض مقدس آمد سے لے کر ہر قدم پر ہمیں سہولتیں فراہم کر رہی ہے‘۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: