Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیویارک میں لاؤڈ سپیکر سے اذان کی اجازت قابل تعریف ہے، ڈاکٹر العیسی

رابطہ عالم اسلامی تمام افراد کی شکر گزار ہے۔ (فوٹو الوئام)
رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد العیسی نے نیویارک میں لاؤڈ سپیکر سے اذان کی اجازت پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رابطہ عالم اسلامی جمعے کی نماز اور رمضان کے مہینے میں نیویارک شہر میں لاؤڈ سپیکر سے اذان کی اجازت کے اقدام کو قابل تعریف سمجھتا ہے۔
رابطہ عالم اسلامی کی ویب سائٹ اور الوئام کے مطابق ڈاکٹر العیسی نے ٹوئٹر (ایکس) پر اپنے عربی، اردو اور انگریزی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ’نیویارک شہر میں رمضان اور جمعے کی اذان لاؤڈ سپیکر پر دینے کی اجازت کا اقدام قابل تعریف ہے۔
رابطہ عالم اسلامی  تمام مسلم اقوام کی جانب سے اس منظوری پر اظہار قدرو منزلت کرتا ہے۔ رابطہ عالم اسلامی ان تمام افراد کا بھی شکر گزار ہے جنہوں نے نیویارک میں اذان کی اجازت حاصل کرنے کی کوشش کی اور اسے زمینی حقیقت بنانے کا مشن چلایا‘۔
یاد رہے کہ نیویارک کے میئر کی جانب سے شہر کی مساجد میں ظہر، عصر اور مغرب کی اذان لاؤڈ سپیکر سے دینے کے آرڈیننس پر دستخط کے بعد نیویارک کی بلدیاتی کونسل کی عمارت میں اذان دی گئی۔
نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے بلدیاتی کونسل کے ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران آرڈیننس پر دستخط کیے تھے اس کی درخواست نیویارک میں مقیم مسلم کمیونٹی کی جانب سے کی گئی تھی۔
میئر نے اس موقع پر نیویارک میں مسلم کمیونٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ لوگ پہلی بار مساجد کے بیرونی لاؤڈ سپیکر سے اذان سنیں گے یہ مسلم کمیونٹی کے لیے اہم لمحہ ہوگا‘۔
یاد رہے کہ مارچ کے آخر میں نیویارک سٹی کے ایسٹوریا محلے کی مساجد میں پہلی بار لاؤڈ سپیکر سے اذان دی گئی۔ ایک مصری لڑکی نے نیویارک کی تاریخ میں پہلی بار اذان کے لیے اجازت نامہ حاصل کیا تھا۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: