Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جیل میں ٹریننگ سے آپ کو سیاستدان بنایا جا رہا ہے‘، بلاول بھٹو کی عمران خان پر تنقید

بلاول بھٹو نے کہا کہ ’کٹھ پتلیاں بنانے والوں کو پیغام ہے کہ ہم پر تجربات کرنا بند کریں‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اٹک جیل میں قید سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کی ٹریننگ چل رہی ہے اور اب آپ کو سیاستدان بنایا جا رہا ہے۔‘
جمعے کو کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’آج کل ہم سُن رہے ہیں کہ جن سیاست دانوں کو جیل میں مشکلات کا سامنا ہے ہم ان کو پیغام دینا چاہتے ہیں، حوصلہ دینا چاہتے ہیں کہ گھبرانا نہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جو ہر بار اس ملک میں اپنے آپ کو کٹھ پُتلی کے طور پر سامنے لے کر آئے اور پاکستان پر مسلط ہوئے، جن کی وجہ سے پاکستان کی معیشت سے لے کر قومی سلامتی اور لا اینڈ آرڈر کی صورتحال متاثر ہوئی، جس طرح انہوں نے ملٹری کے اداروں پر حملہ کیا  یہ ان کے لیے سبق ہے۔‘
بلاول بھٹو نے کہا کہ ’کٹھ پتلیاں بنانے والوں کو بھی پیغام ہے کہ ہم پر ایسے تجربات کرنا بند کریں۔ پاکستان کے عوام کو اپنے فیصلے کرنے دیں۔‘
’اگر پاکستان کے عوام شہباز شریف یا نواز شریف کو چُنتے ہیں تو ہمیں قبول کرنا چاہیے۔ اگر وہ پیپلز پارٹی کے حق میں فیصلہ دیتے ہیں تو سب کو قبول کرنا چاہیے۔ شاید یہ مجھے پسند نہ ہو لیکن اگر وہ تحریک انصاف کو بھی چُنیں تو ہمیں قبول کرنا پڑے گا۔‘
چیئرمین پیپلز پارٹی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی، بیروزگاری اور غربت ہے۔ پیپلز پارٹی کا یہ موقف ہے کہ ہمارا کوئی سیاسی مخالف نہیں، ہمارا مقابلہ غربت، مہنگائی اور بیروزگاری ہے۔‘
انہوں نے زور دیا کہ ’ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن جلد از جلد آئین کے مطابق 90 دن میں کروائے جائیں تاکہ ہم الیکشن جیت کر پاکستان کے عوام کی خدمت کر سکیں، مشکل حالات سے نکال سکیں۔‘
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ایک ہی سیاسی جماعت ہے جس کی تاریخ ہے کہ ہم نے عوام کی خدمت کی ہے، عوام کو معاشی مشکلات سے نکالا ہے، پسماندہ طبقات کا خیال رکھا ہے۔ بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام سے لے کر روزگار دلوانے تک پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اپنی کارکردگی سے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ عوام دوست سیاست اور حکومت کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’پیپلز پارٹی کی کردارکشی کی مہم آج سے نہیں بلکہ شہید بےنظیر بھٹو اور شہید ذوالفقار بھٹو کے دور سے چلی آ رہی ہے اور ہر بار ہم نے اپنی کارکردگی سے پراپیگنڈا کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔‘

شیئر: