نائب گورنر نے ماحول دوست مکہ ٹیکسی کا اجرا کردیا
’یہ سروس ایسی گاڑیوں پر مبنی ہے جو الیکٹرک اور ہائبرڈ دوہرے نظام پر کام کرتی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
نائب گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ سعود بن مشعل بن عبد العزیز نے مکہ ٹیکسی منصوبے کا اجرا کردیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ سعودی بن مشعل نے حج کانفرنس 2025 کے ضمن میں مکہ ٹیکسی کا اجرا کیا ہے۔
منصوبہ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ رائل اتھارٹی نے متعارف کرایا ہے جس کا لائسنس کانفرنس کے دوران جاری کیا گیا ہے۔
مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ رائل اتھارٹی کے سربراہ انجینئر صالح الرشید نے کہا ہے کہ ’مکہ ٹیکسی ماحول دوست ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’مکہ ٹیکسی سروس منفرد اور ماحول دوست منصوبہ ہے جسے مکہ مکرمہ میں ٹرانسپورٹ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
’یہ سروس ایسی گاڑیوں پر مبنی ہے جو الیکٹرک اور ہائبرڈ دوہرے نظام پر کام کرتی ہے جس سے کاربن کے اخراج میں کمی اور ماحول کی حفاظت میں مدد ملتی ہے‘۔
مکہ ٹیکسی منصوبہ سعودی عرب کے وژن 2030 سے ہم آہنگ ہے جو ماحولیاتی استحکام اور مختلف شعبوں میں سمارٹ حل اپنانے پر زور دیتا ہے۔