Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف مہم میں ہزاروں میٹرک ٹن چینی، یوریا برآمد: وزیر داخلہ

سرفراز بگٹی نے کہا کہ غیر قانونی تارکین خواہ کسی ملک کے بھی ہوں، انہیں ان کے ملک بھیجا جائے گا۔ (فوٹو: اے پی پی)
وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہےکہ سمگلنگ میں ملوث عناصر اور ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی،اس میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کریں گے اور انہیں قرارواقعی سزائیں دیں گے۔
اتوار کو پی آئی ڈی میں نگران وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بگٹی کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے اور وزارت داخلہ میں ہاٹ لائن قائم کررہے ہیں، ذخیرہ اندوزوں اور سمگلنگ میں ملوث عناصر کی اطلاعات دینے والوں کے لیے انعامات کا اعلان کرنے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ایک ہفتہ سے سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف مہم میں ہزاروں میٹرک ٹن چینی اور یوریا برآمد کیں۔ ’ڈالر کے کاروبار سے متعلق ہنڈی حوالہ کے خلاف بھی ملک گیر مہم جاری ہے اور اب تک چالیس سے پچاس تک لوگ پکڑے گئے ہیں۔اس وجہ سے ملک بری طرح متاثر ہوا ہے۔‘
’ڈالرچھپا کر رکھنے والوں کے خلاف بھی ایجنسیاں کوشاں ہیں ان کو بھی نہیں چھوڑا جائے گا۔ ایف ائی اے میں ایک ہاٹ لائن و ٹال فری نمبر دے رہے ہیں اس پر کوئی بھی پاکستانی ہمیں اطلاع دے سکتا ہے۔ وزارت داخلہ میں بھی ہاٹ لائن قائم کررہے ہیں۔‘
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملک کے چپہ چپہ کی حفاظت کررہے ہیں چترال میں حملہ کا بھرپور جواب دیا ہے اور چترال کے لوگوں نے مسلح افواج کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
’فوج اورعوام کوالگ کرنے کی سازش کو ان لوگوں نے ناکام بناکر ثبوت دیا ہے کہ وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ بندوق اورتشدد کے زور پرکسی کونہ ایجنڈا مسلط کرنے دیں گے اور نہ اپنا ایک انچ کسی کو دیں گے۔‘
سرفراز بگٹی نے کہا کہ غیر قانونی تارکین خواہ کسی ملک کے بھی ہوں وہ غیر قانونی طور پر نہیں رہیں گے، انہیں ان کے ملک بھیجا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانستان کی موجودہ حکومت نے دوحہ معاہدہ میں یہ وعدہ کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ ٹی ٹی پی کے حملہ آور افغانستان سے حملہ آور ہوئے۔ جو بھی ایسی حرکت کرے گا اس کو دیا جانے والا جواب نظر آئے گا۔
 

شیئر: