قصاص کے طور پر پاؤں کاٹنے کی سزا پانے والے شخص نے رحم کی اپیل کردی
’قیدی نے اپنے چچا زاد پر گولیاں چلائی تھیں جن کی وجہ سے اس کا پیر ناکارہ ہوگیا‘ (فوٹو: سبق)
کل اتوار کو تبوک کے کنگ فہد سپیشلسٹ ہسپتال میں سعودی قیدی عواد العطوی کا قصاص کے طور پر پاؤں کاٹ دیا جائے گا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مذکورہ قیدی نے 6 سال قبل اپنے چچا زاد پر گولیاں چلائی تھیں جن کی وجہ سے اس کا پیر ناکارہ ہوگیا جبکہ ڈاکٹروں نے جان بچانے کے لیے پاؤں کاٹ دیا تھا۔
بعد ازاں فائرنگ کرنے والے عواد العطوی کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا جس نے 6 سال قید، 3 لاکھ 35 ہزار معاوضہ اور مدت ختم ہونے کے بعد قصاص کے طور پر پاؤں کاٹنے کی سزا سنائی تھی۔
قیدی عواد العطوی اور اہل خانہ نے متاثر شخص اور اہل خانہ سے رحم کی اپیل کرتے ہوئے معاف کرنے کی گزارش کی ہے۔
قیدی کے وکیل نے کہا ہے کہ ’مذکورہ شخص نے 6 سال قید کی سزا کاٹی ہے، اسے سرکاری ملازمت سے فارغ کر دیا گیا ہے، وہ خود اور اس کے بچے شدید متاثر ہوئے ہیں اور وہ اپنے کئے پر بہت شرمندہ ہے‘۔
’جو کچھ ہوا وہ اشتعال اور غصے کی حالت میں ہوا تھا جبکہ شیطان اس پر غالب آگیا‘۔
وکیل نے کہا ہے کہ ’ہم متاثر شخص اور اس کے گھر والوں سمیت قبیلے کے اکابرین سے رحم کی اپیل کرتے ہیں‘۔