لاہور ہائیکورٹ نے صحافی عمران ریاض کی بازیابی کے لیے آئی جی پنجاب پولیس کو آخری موقع دیتے ہوئے 26 ستمبر کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
منگل کو کیس کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد امیر بھٹی نے آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر عمران ریاض کو آئندہ سماعت پر نہیں پیش کرتے تو عدالت خود کوئی فیصلہ کرے گی۔
آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے عدالت میں پیش ہو کر عمران ریاض کی بازیابی کے لیے ایک اور مہلت مانگی۔
مزید پڑھیں
-
ٹی وی اینکر عمران ریاض کے خلاف مقدمہ خارج، رہا کرنے کا حکمNode ID: 740126
-
عمران ریاض کو ہر صورت پیر تک بازیاب کرایا جائے: لاہور ہائیکورٹNode ID: 766076
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے عمران ریاض کے والد کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب پر برہمی کا اظہار کیا، ’پانچ ماہ سے آپ کی باتیں صبر سے سن رہا ہوں، اب میرے صبر کا پیمانہ ختم ہو رہا ہے۔‘
چیف جسٹس نے درخواست گزار کے وکیل میاں ولی اشفاق سے استفسار کیا کہ اگر وہ رضامند ہیں تو پھر ایک اور مہلت دے دیتے ہیں۔
عمران ریاض کے والد نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ان کے بیٹے کو اغوا کیا گیا ہے اور کسی عدالت کے روبرو پیش نہیں کیا گیا، عدالت بیٹے کو بازیاب کرنے کا حکم دے۔
سماعت کے دوران دوران آئی جی پنجاب سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے سماعت 26 ستمبر تک ملتوی کر دی اور اسی روز عمران ریاض کو پیش کرنے کا حکم دیا۔