Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد: تھانہ مارگلہ کے قریب سے سیف سٹی کیمرہ چوری، 14 روز بعد مقدمہ درج

سیف سٹی پروجیکٹ کے کیمرے اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں اور اہم مقامات پر نصب ہیں (فوٹو: اسلام آباد پولیس)
پاکستان کے وفاقی دارالحکومت کے مارگلہ پولیس سیشن کے قریب سے سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت نصب کیا گیا کیمرہ چوری ہو گیا ہے۔
یہ واقعہ دو ستمبر کو پیش آیا لیکن اس کی ایف آئی آر 14 دن بعد تھانہ مارگلہ میں درج کی گئی۔
تھانہ مارگلہ میں 16 ستمبر کو درج کی جانے والی ایف آئی آر کے مطابق ’یہ آئی وی ایس کیمرہ نو ستمبر کو رات سوا 10 بجے بند ہوا۔ جب سیف سٹی ٹیم نے وزٹ کیا تو معلوم ہوا کہ سیف سٹی اسلام آباد پولیس کا کیمرہ موجود نہیں ہے۔‘
پولیس کا موقف ہے کہ ’اس کیمرے کی مالیت ایک لاکھ 20 ہزار روپے ہے اور اسے نامعلوم ملزمان نے چوری کر لیا ہے۔‘
ایف آئی آر سیف سٹی اسلام آباد کے فیلڈ کواڈینیٹر احمد حسن کی مدعیت میں درج کی گئی۔
کیمرہ ایف ایٹ کچہری اور مارگلہ تھانے سے چند کے فاصلے پر نصب تھا۔
سیف سٹی پولیس کے کواڈینیٹر احمد حسن نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’یہ کیمرہ سیکٹر ایف 8 مرکز کے قریب نصب تھا۔‘
انہوں نے واقعے کے 14 دن بعد ایف آئی آر درج کرنے سے متعلق سوال پر کہا کہ ’ہم اس واقعے کے بارے میں داخلی سطح پر چھان بین کر رہے تھے اور اب اس ایف آئی آر پر ہونے والی کارروائی کی تفصیل متعلقہ تھانہ ہی بتا سکے گا۔‘

اسلام آباد پولیس کے مطابق اس وقت شہر میں 2512 کیمرے نصب ہیں (فوٹو: اسلام آباد پولیس)

دوسری جانب اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے اردو نیوز کے رابطہ کرنے پر مختصر جواب دیا کہ ’پولیس کا موقف وہی ہے جو ایف آئی آر میں درج ہے۔‘

سیف سٹی کیمرے کیسے کام کرتے ہیں؟

دیگر بڑے شہریوں کی طرح دارالحکومت اسلام آباد کے اہم مقامات پر بھی سیف سٹی پروجیکٹ کے کیمرے نصب ہیں جن کی مانیٹرنگ سیف سٹی پولیس کرتی ہے۔

بعض مقامات پر آندھی اور بارش کے باعث کیمروں کے کھمبوں پر درخت گرنے کے واقعات بھی پیش آئے (فوٹوـ ٹوئٹر، ساجد عثمانی)

اسلام آباد پولیس کے مطابق ان کیمروں کی ریکارڈنگز کے ذریعے مجرمانہ سرگرمیوں کی کھوج اور ٹریفک کو منظم کرنے میں مدد لی جاتی ہے۔
علاوہ ازیں فوری ردعمل دینے والی ریسکیو 15 پولیس ان کیمروں کی مدد پٹرولنگ پروگرام ترتیب دے کر اپنے رسپانس کے دورانیے کو کم سے کم کرتی ہے۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق اس وقت شہر میں 2512 کیمرے نصب ہیں۔
ان تمام کیمروں کی فوٹیج کی مانیٹرنگ انسپیکٹر جنرل اسلام آباد پولیس کے دفتر میں قائم سچویشن روم میں کی جاتی ہے۔
 

شیئر: