Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ جانے کی خواہش، پاکستانیوں کی ویزا درخواستوں میں 248 فیصد اضافہ

سنہ 2019 میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب دنیا میں کئی ممالک نے شہریوں پر سفری پابندیاں عائد کردی تھیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سے امریکہ جانے والے خواہش مندوں کی ویزا درخواستوں میں سال 2022 میں 2021 کے مقابلے میں 248 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رواں ہفتے جاری ہونے والی ’گیلپ پاکستان‘ کی رپورٹ کے مطابق ویزا درخواستوں میں اضافے کی وجہ 2022 میں کورونا وائرس کے باعث لگنے والی سفری پابندیوں کا خاتمہ ہوسکتا ہے۔
خیال رہے کہ 2019 میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب دنیا میں کئی ممالک نے شہریوں پر سفری پابندیاں عائد کردی تھیں۔
’گیلپ پاکستان‘ کے مطابق ویزا درخواستوں میں اضافے کا تعین امریکی محکمہ خارجہ کے ریکارڈ کا جائرہ لینے کے بعد کیا گیا ہے۔
خیال رہے رواں ہفتے کراچی میں امریکی قونصل خانے کی طرف سے بھی کہا گیا تھا کہ امریکی ویزا کے لیے پاکستانی شہریوں کی درخواستوں پر تیزی سے کام کر رہے ہیں۔
’گیلپ پاکستان‘ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’ویزا درخواستوں کی تعداد اس دہائی میں پچھلی دہائی سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے اور صرف 2022 میں اس میں 248 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔‘
رپورٹ کے مطابق ’2020 اور 2021 میں ویزا درخواستوں کی تعداد میں کمی کورونا وائرس کے باعث لگنے والی سفری پابندیوں  کی وجہ سے تھی۔‘
کراچی میں امریکی قونصل خانے کے مطابق ’ہم نے ہزاروں نان امیگرینٹ ویزا درخواستوں پر اپوائنٹمنٹس دینے کا عمل تیز کردیا ہے۔ جن 10 ہزار سے زائد درخواست گزاروں کو 2024 میں انٹرویوز کے لیے بُلایا گیا تھا ان کو اب 2023 میں انٹرویوز کے لیے نوٹسز بھیجے جا رہے ہیں۔‘
امریکی قونصل خانے کا کہنا تھا کہ ’25 ستمبر سے اُن افراد کی بھی درخواستیں وصول کی جائیں گی جو کہ انٹرویوز نہیں دینا چاہتے۔ ایسے شہریوں کی درخواستیں اس وقت ہی قابلِ قبول ہیں جب اُن کے پاس ماضی میں بھی امریکہ سفر کرنے سے متعلق ثبوت موجود ہوں گے۔‘

شیئر: