Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولی عہد کا انٹرویو سعودی عرب کے پراعتماد وژن کا اظہار ہے: اماراتی صدر

اماراتی صدر کا کہنا تھا کہ ’مزید خوش حالی کے حوالے سے ان کی کامیابی کا آرزو مند ہوں‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے کہا ہے کہ’ فوکس نیوز پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا انٹرویو پراعتماد وژن کا آئینہ دار ہے۔‘
امارات الیوم کے مطابق شیخ محمد بن زاید نے ٹوئٹر(ایکس)  پر تحریر کیا کہ ’میرے بھائی محمد بن سلمان نے ٹی وی انٹرویو میں سعودی عرب کے حال و مستقبل کے حوالے سے پراعتماد وژن، خطے اور دنیا کے مسائل کے حوالے سے متوازن نقطہ نظر کا اظہار کیا.‘
متحدہ عرب امارات کے صدر نے کہا کہ ’مزید خوش حالی کے حوالے سے سعودی بھائیوں کی امنگوں کے حصول کے لیے ان کی کامیابی کا آرزو مند ہوں۔‘
امارات کے صدر نے مزید کہا کہ ’متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب اہداف اور عزائم میں شراکت دار ہیں اور دونوں خطے کے بہتر مستقبل کے لیے کوشاں ہیں۔‘
’انٹرویو سعودی عرب کی غیر معمولی تبدیلی اور کامیابیوں کے طویل ریکارڈ کا ثبوت تھا۔ ہماری مشترکہ کامیابی کی کہانی ایک ہے۔ امارات اور سعودی عرب آنے والی نسلوں کو بااختیار بنانے میں ایک ساتھ کھڑے ہیں۔‘
امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے فوکس نیوز کو سعودی ولی عہد کے انٹرویو کے بارے میں کہا کہ ’وہ سعودی عرب کی کامیابی، اس کی دور اندیش قیادت کی کامیابی کے حوالے سے پرامید ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے فوکس ٹی وی پراپنے برادر شہزادہ محمد بن سلمان کا انٹرویو دیکھا۔ انٹرویو میں سعودی عرب کی شاندار کارکردگی اور سعودی ولی عہد کے وژن کی عکاسی کی گئی۔‘
’سعودی عرب کی کامیابی کے حوالے سے پرامید ہیں، ہم اس کی  باشعور اور مستقبل کی جانب دیکھنے والی قیادت کے حوالے سے پرامید ہیں۔‘
اماراتی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم ایک نئے مشرق وسطٰی کے بارے میں بھی پرامید ہیں۔ چاہتے ہیں کہ مشرق وسطٰی ایک بار پھر بین الاقوامی اقتصادی اور تمدنی مرکز کی حیثیت سے واپس آئے۔‘

شیئر: