سابق بولر محمد آصف نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے موجودہ کپتان بابر اعظم کے بارے میں متنازع بیان دیا ہے جس کے بعد اُن پر انٹرنیٹ پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔
محمد آصف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر ایک سپیس سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے اس بات کا دعویٰ کیا کہ وہ بابر اعظم کو میڈن اوور کروا لیں گے۔
سابق فاسٹ بولر نے سپیس سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میں بابر اعظم کو آج بھی ٹی 20 کرکٹ میں میڈن اوور کروا سکتا ہوں۔ اگر انہیں اچھی گیندیں کروائی جائیں تو وہ انہیں نہیں کھیل پاتے۔‘
محمد آصف نے بابر اعظم کے بارے میں مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اس وقت بابر اعظم کے علاوہ کوئی اور چوائس نہیں ہے جسے کپتان بنایا جا سکے۔ شاہد آفریدی شاہین آفریدی کو کپتان بنانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن یہ اتنا آسان نہیں ہے۔‘
مزید پڑھیں
-
محمد آصف کا پی سی بی سے شکوہNode ID: 170036
صرف یہ ہی نہیں، محمد آصف نے فاسٹ بولر حسن علی کو بابر اعظم کی لابی کا حصہ ہونے کا الزام لگایا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حسن علی اس وجہ سے ٹیم (ورلڈ کپ سکواڈ) میں ہیں کیونکہ وہ لابی کا حصہ ہیں۔‘
سابق فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ ’میں نے ٹرائلز میں بابر اعظم کو صرف دو گیندیں کھیلنے کے بعد سلیکٹ کیا تھا۔ آپ بابر کے والد سے پوچھ سکتے ہیں کہ میں نے اُسے زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ (زیڈ ٹی بی ایل) کے ٹرائل میں منتخب کیا تھا۔‘
دوسری جانب بابر اعظم پر الزامات کے جواب میں اُن کے والد اعظم صدیقی کا بیان بھی سامنے آگیا ہے۔
اعظم صدیقی نے انسٹاگرام پر انکشاف کیا کہ بابر اعظم کے انڈر 16 ورلڈ کپ کھیل کے آنے کے بعد اس کے کلب کا ڈی پی ایس ماڈل ٹاؤن کے کلب کے ساتھ میچ ہوا۔ اُس وقت محمد آصف کم بیک کی تیاریاں کر رہے تھے۔ اس وقت بابر اوپن کرتا تھا۔ اُس میچ میں بابر نے 84 رنز بنائے اور انہیں محمد آصف نے ہی آؤٹ کیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’جب بابر اننگز ختم کر کے باہر آیا تو اُس نے بتایا کہ آصف بھائی نے بہت برا بھلا کہا ہے جس پر میں نے تسلی دی کہ تم نے بھی تو اُسے 11 چوکے مارے ہیں۔‘
اعظم صدیقی نے مزید انکشاف کیا کہ ’بابر کو زیڈ ٹی بی ایل کی جانب سے کھیلنے میں منصور رانا (پاکستان ٹیم کے سابق مینیجر) نے مدد کی۔ جب بابر کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں ٹرائل ہو رہا تھا تو وہاں وہ محمد آصف سے ملے جس پر آصف نے بینک انتظامیہ کے پاس جا کر کہا کہ اِس کا کیا ٹرائل لے رہے ہو، اِس نے مجھے مار مار کر تھکا دیا تھا، اس نے مجھے 11 چوکے مارے ہیں۔ اس کا نام لکھو اور اسے بینک میں رکھو۔ یہ تمہارے بڑے کام آئے گا۔‘
بابر اعظم کے والد نے انکشاف کیا کہ ان کے بیٹے کو بینک سے پہلی تنخواہ 16800 روپے ملی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اول تو یہ وقت آئے گا نہیں کہ آپ بابر کو میڈن اوور کراوئیں گے اور اگر وہ وقت آ بھی گیا تو بابر آپ کا اوور احترام کی وجہ سے میڈن کھیل جائے گا۔
انہوں نے عوام سے بھی درخواست کی کہ محمد آصف کے بیان کے بعد کوئی ان کے بارے میں الٹی سیدھی بات نہ کریں۔
دوسری جانب محمد آصف کے بابر اعظم کے بارے میں اس بیان پر ٹوئٹر صارفین بھی سیخ پا دکھائی دے رہے ہیں۔
حفصہ نے لکھا کہ ’جی، یہ (محمد آصف) کچھ بھی کر سکتے ہیں لیکن انہوں نے ملک کو بیچنا ضروری سمجھا۔‘
Yeah he can do anything but he preferred to sell his country.
— Hafsa (@HafsaSiddd) September 23, 2023
ٹوئٹر صارف سی نے تبصرہ کیا کہ ’اس بندے نے حاصل کیا کیا ہے؟ مجھے نہیں یاد کہ اِس نے کچھ بڑا جیتا ہو۔‘
What exactly has this guy achieved? I don't remember him winning anything significant https://t.co/XhuW6MXeWg
— C (@CeeKayMmM) September 23, 2023
احمر نقوی لکھتے ہیں کہ ’براہ کرم کوئی محمد آصف کا انٹرنیٹ بند کروائے۔‘
Someone pls take away Asif's internet https://t.co/HY8wvKrqb4
— Ahmer Naqvi (@karachikhatmal) September 23, 2023
اریبہ چودھری نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’مجھے اب سمجھ آتی ہے کہ انہیں دوسرا موقع کیوں نہیں دیا گیا۔ برحال یہ اس قابل ہی نہیں تھے۔‘
I get why he was never given a second chance. Anyways he never deserved it. https://t.co/NOaH8vhPzb
— Areeba (@arieba_chaudry) September 23, 2023