Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشین گیمز: پاکستان نے انڈیا کو والی بال کے مقابلے میں ہرا کر پانچویں پوزیشن حاصل کر لی

انڈیا کو ہرانے کے بعد پاکستان نے ایشین گیمز میں والی بال کے مقابلوں میں پانچویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ (فوٹو: سکرین شاٹ ایشین گیمز ویب سائٹ)
چین میں جاری 19 ویں ایشین گیمز میں کھیلے گئے والی بال کے مقابلے میں پاکستان نے روایتی حریف انڈیا کو صفر کے مقابلے میں تین سیٹس سے شکست دے دی ہے۔
انڈیا کو ہرانے کے بعد پاکستان نے ایشین گیمز میں والی بال کے مقابلوں میں پانچویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
منگل کو چینی شہر ہینگزو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے روایتی حریف کو 21-25، 20-25 اور 23-25 سے شکست دی۔
پاکستان نے میچ میں 75 جبکہ انڈیا نے 64 پوائنٹس سکور کیے۔
اس سے قبل ایشین گیمز میں والی بال کے مقابلوں کے کوارٹر فائنل میں قطر نے پاکستان کو صفر کے مقابلے میں تین سیٹس سے ہرا دیا تھا۔
قطر نے پاکستان کے خلاف مجموعی طور پر 99 پوائنٹس سکور کیے تھے جبکہ پاکستانی ٹیم 86 پوانٹس ہی سکور کر پائی تھی۔
اسی طرح پچھلے مقابلوں میں پاکستان نے جنوبی کوریا کو صفر کے مقابلے میں تین سیٹس سے ہرایا تھا۔
پاکستانی والی بال ٹیم نے ایونٹ میں اپنے دوسرے میچ میں میزبان چین کو بھی صفر کے مقابلے میں تین سیٹس سے شکست دی تھی جبکہ ایشین گیمز میں کے پہلے میچ میں پاکستان نے منگولیا کو بھی صفر کے مقابلے میں تین سیٹس سے زیر کیا تھا۔
ایشین گیمز میں پاکستان والی ٹیم کے کوچ اسانائے رامیرز فیراز کی ویڈیو بھی انٹرنیٹ پر خوب وائرل ہوئی جب وہ جنوبی کوریا کے خلاف جیت پر انٹرویو میں جذباتی ہوگئے۔
برازیل سے تعلق رکھنے والے اسانائے رامیرز فیراز ٹیم کی کامیابی پر کھلاڑیوں کی خوب تعریف کرتے نظر آئے۔

پاکستان والی بال ٹیم کے کوچ کا کہنا تھا کہ ’اس جیت کا کوئی زاویہ نہیں ہے، آپ کو نہیں پتا کہ یہ لڑکے اس کورٹ میں آنے تک کیا کیا برداشت کر کے آتے ہیں۔ یہ بہت مشکل ہے، بہت مشکل ہے، لیکن ہمیں پتا ہے کہ یہ ممکن ہے۔‘

پاکستان نے جنوبی کوریا کو 19-25، 22-25 اور 25-21 سے تین سیٹس میں شکست دی تھی۔
خیال رہے 2018 میں انڈونیشیا میں کھیلے گئے ایشین گیمز میں پاکستان نے والی بال کے مقابلوں میں آٹھویں پوزیشن حاصل کی تھی۔

شیئر: