دولہا اور دُلہن ’سکوٹر‘ کے ذریعے شادی ہال پہنچے، ویڈیو وائرل
جمعرات 28 ستمبر 2023 5:12
سوشل میڈیا صارفین نے ویڈیو پر پسندیدگی کا اظہار کیا (فوٹو: سکرین گریعب)
مصر کی ’الجیزہ‘ کمشنری میں دولہا اور دلہن روایتی انداز سے ہٹ کر ’سکوٹر‘ کے ذریعے شادی ہال پہنچے۔
مصر میں عموماً دولہا اور دلہن پھولوں سے سجی گاڑی میں شادی ہال پہنچتے ہیں۔ نئے جوڑے نے پرانی روایت سے ہٹ کر سکوٹر پر شادی ہال پہنچ کر سب کو حیران کر دیا اس منظر کی ویڈیو وائرل ہے۔
وییڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دولہا اور دلہن الگ الگ سکوٹر پر آ رہے ہیں۔ ان کے پیچھے بارات ہے۔ رشتہ دار اور دوست احباب شادی کے گیت گاتے اور ناچتے ہوئے سکوٹر کے پیچھے چل رہے ہیں۔
فوٹو گرافر مھند حازم نے بتایا کہ ’پہلے سے اس کا کوئی پروگرام نہیں تھا۔ ایک رشتہ دار کی گاڑی کی ڈکی میں دو سکوٹرز رکھی تھیں۔ انہوں نے دولہا اور دلہن کو فوٹو سیشن کے لیے سکوٹر پر سوار کر دیا۔‘
فوٹو گرافر کا کہنا ہے کہ ’وہ بھی نئے جوڑے کے رشتہ داروں میں سے ہیں۔ دولہا اور دلہن کی سکوٹر پر شادی ہال میں آنے کی ویڈیو کو بہت پذیرائی ملی۔’
صارفین نےاس پر بہت خوبصورت تبصرے کیے اور ہر ایک نے اس پر پسندیدگی کا اظہار کیا۔