’وڈیو دیکھ کر سعودی شہری نے میری اور والدہ کی ضیافت کی‘
سعودیوں کے خیرمقدمی کلمات دل میں اتر جاتے ہیں ( فوٹوئ: سکرین گریب)
مصری خاتون کی اس وڈیو کی جس میں انہوں نے سعودی شہریوں کے حسن اخلاق اور فیاضی کی تعریف کی تھی ستائش کی جارہی ہے۔
مصری خاتون کا کہنا ہے مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر ایک سعودی شہری سے ملاقات ہوئی جو ویڈیو دیکھ چکے تھے میری اور والدہ کی ضیافت کی اور مزیدار مشروب پیش کیے۔
مصری خاتون نے بتایا کہ ’وہ دو برس سے عمرے کے لیے سعودی عرب آرہی ہیں۔ سعودی قوانین کی مکمل پابندی کرتی ہوں۔ سب لوگ میرے ساتھ اچھے سے پیش آتے ہیں‘۔
’سعودی اہل کرم ہیں، ان کے خیرمقدمی کلمات دل میں اتر جاتے ہیں۔‘
اس سے قبل وائرل ہونے والی وڈیو میں مصری خاتون نے کہا تھا کہ ’اپنے کام کی وجہ سے مجھے دنیا کے مختلف ممالک کا سفر کرنا پڑتا ہے۔ جہاں بھی جاتی ہوں یہ بات نوٹ کرتی ہوں کہ وہاں کے لوگ غیرملکیوں کا خیر مقدم کس طرح کرتے ہیں۔‘
’سعودی عرب جیسا خیر مقدم مجھے کہیں دیکھنے کو نہیں ملا، یہ پوری دنیا میں اپنی مثال آپ ہے۔‘
مصری خاتون کا کہنا تھا ’سعودی عرب اہل کرم کا دیس ہے۔ انہیں اگر یہ علم ہوجائے کہ آپ کا تعلق مصر سے ہے تو ان کا رویہ اور زیادہ اچھا ہو جاتا ہے۔‘
’سعودی عرب میں ایک لفظ ایسا استعمال کیا جاتا ہے جو دل میں اتر جاتا ہے۔ اہل سعودی عرب سے کسی کام کے لیے کہا جائے تو اس کے جواب میں وہ ’ابشر‘ کہتے ہیں۔ یہ سنتے ہی محسوس ہوتا ہے کہ اب ہمارا کام رکے گا نہیں بلکہ ہر حال میں پورا ہو گا۔‘