نجی اور پرانے گھریلو سامان پر کسٹم ڈیوٹی سے استثنٰی کیسے؟
نجی اور پرانے گھریلو سامان پر کسٹم ڈیوٹی سے استثنٰی کیسے؟
جمعہ 29 ستمبر 2023 5:37
ٹرانسپورٹ کا شمار ذاتی سامان میں نہیں کیا جائے گا(فوٹو، ایکس )
سعودی عرب میں ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی نے بیرون مملکت کم از کم چھ ماہ قیام کرنے والے سعودی شہریوں اور مملکت میں قیام کے لیے پہلی بار آنے والے غیر ملکیوں کے گھریلو استعمال کے پرانے سامان اور نجی اشیا پر کسٹم ڈیوٹی سے استثنی کی شرائط جاری کر دیں۔
اخبار 24 کے مطابق اتھارٹی نے ’استطلاع‘ پلیٹ فارم پر کسٹم کارروائی منظم کرنے والے ضوابط کا مسودہ جاری کیا ہے جس میں نئی شرائط کا تذکرہ کیا گیا ہے۔
اتھارٹی نے کسٹم سے استثنی کی پہلی شرط یہ رکھی ہے کہ نجی اشیا اورگھریلو سامان استعمال شدہ ہو۔
دوسری شرط میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ سامان استثنی کے حقدار شخص کے رہائشی مقام سے لایا جارہا ہو۔ غیرملکیوں کے لیے شرط رکھی گئی ہے کہ وہ مملکت پہلی بار آمد کا ثبوت پیش کریں۔
استثنی کے مستحق شخص کی سعودی عرب آمد کی تاریخ سے 6 ماہ کے اندر گھریلو پرانا سامان اور نجی اشیا سعودی عرب لائی گئی ہوں۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ ٹرانسپورٹ وسائل میں سے کوئی بھی چیز نجی سامان میں شمار نہیں کی جائے گی۔
سعودی عرب لائی جانے والی تجارتی اشیا کے نمونوں پر ایسی صورت میں کوئی کسٹم ڈیوٹی نہیں ہو گی کہ ان کی قیمت پانچ ہزار ریال سے زیادہ نہ ہو۔
اس کے لیے سامان کے مالک یا کاروباری نمونے بھیجنے والے کی جانب سے نمونوں پر کسٹم ڈیوٹی سے استثنی کی درخواست دی جائے۔
ایک شرط یہ بھی ہے کہ لائے جانے والے کاروباری نمونے پہلی بار لائے جارہے ہوں اور سابقہ چھ ماہ کے دوران ایسے کاروباری نمونے نہ لائے گئے ہوں