سعودی کسٹم اتھارٹی: جدہ بندرگاہ میں گاڑیوں اور سامان کی نیلامی
15 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس بھی ہو گا (فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی نے جدہ اسلامی بندرگاہ پر گاڑیوں اور سامان کی نیلامی کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ وہ سامان اور گاڑیاں ہیں جنہیں درآمد کرنے والوں نے اب تک وصول نہیں کیا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق اتھارٹی نے کہا ہے کہ اگر نیلامی کی تاریخ سے قبل گاڑیوں یا سامان کے مالکان میں سے کسی نے اپنا سامان یا گاڑی کا کلیم کیا تو ایسی صورت میں اس گاڑی یا سامان کی نیلامی نہیں کی جائے گی۔
اتھارٹی نے نیلامی میں حصہ لینے والوں کے لیے شرائط و ضوابط جاری کردیے ہیں۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جو لوگ نیلامی میں حصہ لینا چاہتے ہوں انہیں اتھارٹی کے نام 50 ہزار ریال کا چیک جمع کرانا ہوگا اور اگر نیلامی ان کے نام پر ہو گی تو ایسی صورت میں انہیں باقی ماندہ رقم پیش کرنا ہو گی۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کمیشن کی رقم 2.5 فیصد سودے کی رقم سے ادا کی جائے گی علاوہ ازیں 15 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس بھی ہو گا۔
نیلامی میں وہی لوگ آ سکیں گے جو اندراج کرا چکے ہوں گے۔
گاڑیوں کی نیلامی میں تشلیح پرمٹ ہولڈرز ہی حصہ لے سکیں گے۔ تشلیح سے مراد ناکارہ گاڑیوں کے پیشہ ور خریدار ہیں۔
اتھارٹی نے نیلامی میں حصہ لینے والوں پر پابندی لگائی ہے کہ جن لوگوں کے نام نیلامی چھوٹے گی۔ انہیں فروخت شدہ سامان یا گاڑی تین دن کے اندر اٹھانا ہو گی۔ ان سے درآمدی فیس لی جائے گی اور گاڑیوں و سامان پر 10 روزہ برآمدی فیس لی جائے گی۔ مقررہ مدت سے زیادہ سامان یا گاڑی وصول نہ کرنے پر اضافی فیس وصول کی جائے گی۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں