سعودی عرب میں پروگرامنگ اور مصنوعی ذہانت کا قومی اولمپیارڈ
مملکت میں 30 لاکھ طلبہ میں سے تین لاکھ کا انتخاب کیا جائے گا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں مڈل اور ہائی سکول کےطلبہ کےلیے پروگرامنگ اور مصنوعی ذہانت کا قومی اولمپیارڈ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
یہ اعلان سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی( سدایا) نے کنگ عبدالعزیز فاؤنڈیشن (موھبہ) اور وزارت تعلیم کے اشتراک سے کیا ہے۔
پروگرامنگ اور مصنوعی ذہانت کی تربیت کےلیے مملکت میں 30 لاکھ طلبہ میں سے تین لاکھ کا انتخاب کیا جائے گا۔
قومی اولمپیارڈ کے لیے رجسٹریشن 28 نومبر کو بند ہوجائے گی ٹیسٹ کے دو دور جنوری اور اپریل میں ہوں گے۔
کنگ عبدالعزیز فاؤنڈیشن (موھبہ) اور وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ ’ابداع 2024‘ قومی اولمپیارڈ میں دو لاکھ دس ہزار سے زیادہ طلبہ حصہ لیں گے۔
خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق قومی اولمپیارڈ میں اندراج کرانے والے طلبہ کی تعداد 2 لاکھ 10 ہزار 448 ہوگئی ہے۔
سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں موجود 48 تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے اندراج میں حصہ لیا۔ 2022 کے مقابلے میں تعداد 44 فیصد زیادہ ہے۔
موھبہ کا کہنا ہے دو لاکھ سے زیادہ طلبہ سال بھر ریسرچ مقابلے میں حصہ لیں گے۔ آخرمیں انہیں قومی ایوارڈ دیے جائیں گے اور منتخب طلبہ کو بین الاقوامی اولمپیارڈ میں شرکت کا موقع فراہم کیا جائےگا۔
منتحب طلبہ سائنس اینڈ انجینیئرنگ کی بین الاقوامی نمائش، آیسف 2024 سمیت دیگر بین الاقوامی مقابلوں میں شریک ہوں گے۔
آیسف کے پندرہویں ایڈیشن میں طلبہ نے ریکارڈ تعداد میں اندراج کرایا ہے۔ ان میں طالبات کی تعداد ایک لاکھ تیرہ ہزار اور طلبہ کی تعداد 97 ہزار ہے۔
سب سے زیادہ اندراج کرانے والے ریاض ریجن کے ہیں جہاں 44530 طلبہ آگے آئے۔
ریاض کے بعد مکہ مکرمہ، عسیر، جازان، الشرقیہ، القصیم، مدینہ منورہ، نجران ، تبوک، الجوف، باحہ، شمالی حدود اور حائل ریجن سے طلبہ نے اندراج کرایا۔
اولمپیارڈ ابداع چھ انتظامی مراحل پر مشتمل ہے۔ امیدوار کی نجی معلومات کے اندراج سے اس کی شروعات ہوتی ہے۔