تین برسوں میں 10 ہزار سعودی فارمسسٹ کی تعیناتی
رواں برس 10 ماہ میں 13 سو سے زائد سعودی فارماسسٹ کو ملازمت فراہم کی گئی(فوٹو،ایکس)
وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 3 برسوں میں 10 ہزار سے زائد سعودی نوجوانوں کو فارمیسی کے شعبے میں ملازمت فراہم کی گئی۔
عاجل نیوز کے مطابق وزارت کے ترجمان سعودی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کررہے تھے۔ فارمیسی کے شعبے میں سعودائزیشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ رواں برس کے آغاز سے ماہ ستمبر تک مملکت کے مختلف شہروں میں 13 سو سعودی فارمیسسٹ کو نجی شعبے میں روزگار فراہم کیا گیا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ فارمیسی کے شعبے میں سعودائزیشن کے عمل کو کامیاب کرنے کےلیے وزارت کی نگران ٹیمیں مستقل بنیادوں پرمارکیٹوں کا دورہ کرتی ہیں تاکہ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کا تدارک فوری طورپرکیا جاسکے۔
واضح رہے مملکت میں مختلف نجی شعبوں میں سعودی افرادی قوت کو بڑھانے کے لیے سعودائزیشن کی مہم پرتیزی سے کام جاری ہے اس حوالے سے فارمیسی سے تعلق رکھنے والے سعودی شہریوں کو ترجیحی بنیاد پرروزگار فراہم کرنے کے لیے وزارت افرادی قوت کی جانب سے مملکت کے تمام شہروں میں مہم شروع کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اس شعبے میں سعودی نوجوانوں کو روزگار مہیا کیاجاسکے۔