حج کو آسان اور سستا بنانے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں: نگراں وزیراعظم
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ حجاج کے لیے کیے جانے والے انتظامات پرکسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ حج جیسے اہم مذہبی فریضے کی انجام دہی کو حجاج کے لیے آسان اور سستا بنانے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں۔
پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زِیرصدارت وزارت مذہبی امور کا اجلاس منعقد ہوا۔
انہوں نے کہا کہ حجاج کے لیے کیے جانے والے انتظامات پرکسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور کم خرچے میں بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
’نجی کمپنیوں کی کڑی نگرانی کر کے یہ یقینی بنایا جائے کہ ان کے توسط سے پرائیویٹ سکیم کے تحت جانے والے عازمین حج کو بھی کسی قسم کی مشکلات نہ پیش آئیں، حج پالیسی فوری طور پر وفاقی کابینہ کو منظوری کے لیے پیش کی جائے۔‘
اجلاس میں وزارت کی کارکردگی کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو حج کے حوالے سے اقدامات اور حج پالیسی 2024 کی تیاری کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا ۔
اجلاس میں نگراں وزیرِ مذہبی امور انیق احمد، ایڈیشنل سیکریٹری وزارت مذہبی امور اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔