Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شبھمن گِل ہسپتال سے ڈسچارج، پاکستان کے خلاف میچ میں شرکت مشکوک

چھ اکتوبر کو شبھمن گِل کا ڈینگی کا مثبت ٹیسٹ آیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ڈینگی کے بخار میں مبتلا انڈیا کے اوپننگ بلے باز شبھمن گِل کی طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا جس کے اگلے روز ڈسچارج کر دیا گیا۔
اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق شبھمن گِل کے جسم میں پلیٹلیٹس کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے اتوار کی رات کو ہسپتال میں داخل کرنا پڑا تھا جبکہ پیر کی شام کو ڈسچارج کر دیا گیا تھا۔
شبھمن گِل آسٹریلیا اور افغانستان کے خلاف آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں شریک نہیں ہوئے تھے اور اب سنیچر کو پاکستان کے خلاف ہونے والے میچ میں بھی ان کے کھیلنے کے امکانات کم لگ رہے ہیں۔
پیر کو انڈین کرکٹ بورڈ کے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ 24 سالہ شبھمن گِل بدھ کو ٹیم کے ساتھ دہلی کا سفر نہیں کریں گے جہاں انڈیا اور افغانستان کا میچ ہونا ہے۔
تاہم انڈین کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں یہ نہیں کہا تھا کہ پلیٹلیٹس میں کمی کی وجہ سے شبھمن گِل چنئی کے ہسپتال میں داخل ہیں۔
اوپننگ بلے باز شبھمن گِل کا علاج کاویری ہسپتال میں ہو رہا ہے۔ چھ اکتوبر کو شبھمن گِل کا ڈینگی کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
ٹیم مینجمنٹ کو طبی ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ جب پلیٹلیٹس کم ہوں تو اس دوران سفر سے گریز کیا جائے۔
شبھمن گِل 2023 میں اب تک ون ڈے میچوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں۔
انہوں نے رواں برس 72.35 کی اوسط سے 1230 رنز بنائے ہیں جبکہ اُن کا سٹرائیک ریٹ 105 کا ہے۔
پچھلے چار ون ڈے میچوں میں انہوں نے دو سینچریاں اور ایک ففٹی بنائی ہے۔

شیئر: