اسلام آباد..اپوزیشن جماعتوں نے بجٹ اجلاس کے دوران عوامی اسمبلی لگانے کا اعلان کردیا ۔ بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن کی تقاریربراہ راست نشرنہ کرنے کے خلاف واک آوٹ کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ اسپیکر نے یقین دہانی کرائی تھی پھر بھی اپوزیشن کو براہ راست نشر نہیں کیا گیا۔ان کی کوشش ہے کہ جے آئی ٹی سے بچ جائیں پارلیمنٹ کو بعد میں دیکھ لیں گے۔پارلیمنٹ کی تاریخ میں کبھی یہ نہیں ہوا کہ بجٹ سیشن پر حکومت ہی بات شروع کرے لیکن کل ایسا ہوا۔ اس لئے پارلیمنٹ کے باہرعوامی بجٹ پیش کریں گے اورہر پارٹی کا لیڈر یہاں عوامی بجٹ پر بات کرے گا۔قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شاہ محمود نے کہا کہ حکمران آئی ایم ایف کے چنگل سے نہیں نکل رہے۔ بجٹ میں خرابیوں کی نشاندہی کرنا چاہتے ہیں لیکن اجازت نہیں دی جا رہی۔ کل پوری اپوزیشن خورشید شاہ کی قیادت میں بجٹ پر بحث کرے گی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما شیخ صلاح الدین نے کہا کہ جمہوری روایت کو توڑا جا رہا ہے، اسپیکر کو چاہیے اپنا کردار ادا کریں۔ جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ نے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن کو مجبور کیا کہ عوامی پارلیمنٹ لگائیں۔