Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انٹر کانٹینینٹل گروپ ہوٹلز اینڈ ریزورٹس نے ریاض میں ہیڈکوارٹر قائم کرلیا

برطانوی گروپ اس وقت سعودی عرب میں 40 ہوٹلز چلا رہا ہے (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں ہاسپٹلیٹی کے شعبے کو برطانیہ میں قائم انٹر کانٹینینٹل گروپ ہوٹلز اینڈ ریزورٹس نے دارالحکومت میں اپنا ہیڈکوارٹر کھولنے سے بہت زیادہ فروغ ملا ہے۔
 ایک پریس بیان میں انٹر کانٹینینٹل گروپ ہوٹلز اینڈ ریزورٹس نے انکشاف کیا کہ کمپنی سعودی عرب میں توسیع کے خواہاں ہے اور مشرق وسطیٰ کے خطے میں اس کی 50 فیصد ترقی مملکت پر مرکوز ہے۔
1975 میں انٹر کانٹینینٹل ریاض کے آغاز کے بعد سے انٹر کانٹینینٹل گروپ ہوٹلز اینڈ ریزورٹس مملکت میں اپنی موجودگی کو تیزی سے بڑھا رہا ہے۔ یہ گروپ اس وقت سعودی عرب میں 40 ہوٹلز چلا رہا ہے جس میں 18 ہزار  کمرے ہیں۔ اس کے مملکت میں 32 ہوٹلز بھی زیر تعمیر ہیں۔
سعودی نائب وزیر برائے سیاحتی مقامات محمود عبدالہادی نے کہا کہ ’ جیسا کہ ہم سعودی عرب کے سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کو راغب اور ترقی کو فروغ دیتے ہیں، ہماری سرحدوں کے اندر انٹر کانٹینینٹل گروپ ہوٹلز اینڈ ریزورٹس کی توسیع مملکت کی جانب سے پیش کردہ امید افزا مواقع کا ثبوت ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ ہماری مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے کا یہ عزم ایک متحرک، سرمایہ کار دوست ماحول پیدا کرنے کے ہمارے مشن کے مطابق ہے جس کا مقصد معاشی تنوع کو آگے بڑھانا ہے۔ یہ، بدلے میں، ہمیں سعودی وژن 2030 کو حاصل کرنے کے قریب لے جاتا ہے‘۔
ہاسپٹلیٹی کے شعبے کو ترقی دینا سعودی عرب کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ وہ تیل پر انحصار سے دور ہو رہا ہے اور اس وقت اپنی اقتصادی تنوع کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر سیاحت جیسے شعبوں کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔
انٹر کانٹینینٹل گروپ ہوٹلز اینڈ ریزورٹس نے انکشاف کیا کہ ’ مملکت میں جاری توسیع سعودائزیشن کے اہداف سے ہم آہنگ ہو گی‘۔
تقریباً  ایک ہزار 700 ملازمین یا مملکت میں گروپ کی مجموعی افرادی قوت کا 44 فیصد سعودی شہری ہیں  اور انٹر کانٹینینٹل گروپ ہوٹلز اینڈ ریزورٹس کا مقصد اس دہائی کے آخر تک اس تعداد کو چھ ہزار تک بڑھانا ہے۔

 مملکت میں گروپ کی مجموعی افرادی قوت کا 44 فیصد سعودی شہری ہیں (فائل فوٹو: روئٹرز)

انٹر کانٹینینٹل گروپ ہوٹلز اینڈ ریزورٹس کے مشرق وسطی، افریقہ اور جنوب مغربی ایشیا کے لیے مینیجنگ ڈائریکٹر ہیتھم متر نے کہا کہ ’ سعودی عرب آئی ایچ جی کے لیے بنیادی توجہ کے طور پر کھڑا ہے اور ریاض میں نئے کنٹری ہیڈ کوارٹر کے ذریعے ملک میں ایک مضبوط مقامی موجودگی قائم کرنے کا ہمارا فیصلہ اس متحرک خطے کے لیے ہماری وابستگی کو تقویت دیتا ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا ’ آئی ایچ جی نے حکمت عملی اور کاروباری منصوبے تیار کرنے پر بہت زیادہ توجہ مرکوز کی ہے جو ملک کے لیے اقتصادی اور سیاحت کی ترقی کے عزائم کو پورا کرنے کے لیے سعودی عرب کی قیادت کے وژن کے مطابق ہیں‘۔
سعودی وزارت سیاحت میں پالیسیوں اور قواعد و ضوابط کے نائب وزیر معتز کردی نے کہا کہ ’ مملکت سٹریٹجک طور پر خود کو دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے ایک عالمی منزل کے طور پر کھڑا کر رہی ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ اس وژن کے لیے انٹر کانٹینینٹل گروپ ہوٹلز اینڈ ریزورٹس کی وابستگی جس کی مثال ریاض میں ان کے سعودی ہیڈ کوارٹر کے افتتاح سے ملتی ہے، سعودی وژن 2030 کے لیے ہماری مشترکہ لگن کی عکاسی کرتی ہے‘۔

شیئر: