فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی: سو سے زیادہ سپورٹس فیڈریشنوں نے حمایت کردی
منگل 17 اکتوبر 2023 20:36
سعودی عرب کا کہنا ہے ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے بھرپور کوششیں کریں گے ( فوٹو: عاجل)
سعودی فٹبال فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل ابراہیم القاسم نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے سپورٹس فیڈریشنوں سعودی عرب میں فٹبال ورلڈ کپ 2034 کے انعقاد کی حمایت کررہے ہیں۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ’ مختلف براعظموں کے سو سے زیادہ سپورٹس فیڈریشن 2034 میں فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی سے متعلق سعودی عرب کی حمایت سے تحریری طور پر مطلع کرچکے ہیں‘۔
ان کا کہنا تھا’ سعودی عرب فٹبال ورلڈ کپ 2034 کے انتظامات منفرد انداز میں کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔ سعودی میزبانی کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں گے’۔
سعودی فٹبال فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ’ سعودی عرب میں جو کچھ ہورہا ہے وہ اجتماعی عمل اور ٹیم ورک کے طور پر کیا جارہا ہے‘۔
’سعودی وژن 2030 کے حوالے سے سعودی عرب نے بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ سعودی فٹبال فیڈریشن مملکت میں فٹبال ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کا خواب پورا کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا’ دنیا بھر کے لوگ سعودی عرب آئیں اور یہاں آکر خود دیکھیں کہ یہاں کیا کچھ نیا ہورہا ہے۔ فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی کے حصول کے لیے بھرپور کوششیں کریں گے‘۔