سعودی عرب اور ویتنام کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات مضبوط بنانے کے لیے معاہدہ
جمعہ 20 اکتوبر 2023 21:21
معاہدے کو سعودی ویتنام بزنس فورم کے دوران باضابطہ شکل دی گئی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب اور ویتنام کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات فیڈریشن آف سعودی چیمبرز کے دستخط کردہ ایک نئے معاہدے کی بدولت مضبوط ہونے کے لیے تیار ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق معاہدے کو سعودی ویتنام بزنس فورم کے دوران باضابطہ شکل دی گئی جس میں ویتنام کے وزیر اعظم اور سعودی فیڈریشن کے چیئرمین حسن الحوازی سمیت 150 سے زائد وزرا نے شرکت کی۔
ایس پی اے کے مطابق فورم کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان غیر استعمال شدہ سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنا تھا۔
ویتنام کے وزیر اعظم نے معاہدے کے اقتصادی استحکام اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کا حوالہ دیتے ہوئے خطے میں مملکت کے اہم کردار کی تعریف کی۔
انہوں نے سعودی کاروباری مالکان کو ویتنام میں سرمایہ کاری کرنے اور دستیاب مواقع، مراعات اور منافع سے فائدہ اٹھانے کی بھی ترغیب دی۔
سعودی چیمبرز کی نمائندگی کرتے ہوئے حسن الحوازی نے سعودی ویتنام کے تعلقات میں نمایاں ترقی پر زور دیا جس کے ساتھ مملکت اب مشرق وسطیٰ میں ویتنام کا دوسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔
مملکت کے ایک اعلیٰ سطحی تجارتی وفد نے تجارتی، اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو بڑھانے کی کوشش میں گزشتہ ماہ ویتنام کا دورہ کیا تھا۔
سعودی چیمبر آف کامرس کی قیادت میں وفد نے ویتنام کی وزارت خارجہ اور چیمبر آف کامرس کی اہم شخصیات کے ساتھ نتیجہ خیز ملاقاتوں کا ایک سلسلہ منعقد کیا جس میں مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔