شہزادہ فیصل بن فرحان سے ڈنمارک اور شام کے وزرائے خارجہ کے رابطے
خطے میں جاری کشیدگی بڑھنے سے روکنے کی اہمیت پر زور دیا گیا ( فائل فوٹو: روئٹرز)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے پیر کو شام اور ڈنمارک کے وزرائے خارجہ نے ٹیلیفون پر رابطے کیے ہیں۔
خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان اور ڈنمارک کے ہم منصب لارس کوکے راسموسن نے غزہ اور گردو نواح میں مسلسل فوجی کشیدگی کی خطرناک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
خطے میں جاری کشیدگی بڑھنے سے روکنے اور جنگ بند ی کے لیے ضروری طریقے تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
فریقین نے فلسطینی عوام کی امنگوں کو پورا کرنے والے منصفانہ حل کےلیے عالمی برادری کے ساتھ رابطے تیز کرنے پر بھی زور دیا۔
بحران کے سنگین نتائج کا دائرہ محدود کرنے کے لیے کوشش کرنا ہوگی تاکہ شہریوں کو تحفظ حاصل ہو اور انسانی المیے کو کم کم کرنے کے لیے غزہ کے باشندوں کو امدادی سامان ور ادویہ وغیرہ پہنچانے کا اہتمام کیا جائے۔
دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے سعودی عرب اور ڈنمارک دوست ملکوں کی امنگوں کی تکمیل میں معاون طریقوں اور دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا۔ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
علاوہ ازیں شہزادہ فیصل بن فرحان اور شامی وزیر خارجہ ڈاکٹر فیصل المقداد نے ٹیلیفونک رابطے کے دوران دوطرفہ تعلقات اور غزہ، اس کے اطراف میں جاری فوجی کشیدگی کی تازہ صوررتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
خطے میں کشیدگی کو بڑھنے سے روکنے اور حملہ بند کرانے کے لیے ضروری اقدامات کی راہ ہموار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ’ایسا منصفانہ حل ضروری ہے جس سے فلسطینی بھائیوں کی امنگیں پوری ہوں اور بحران کے سنگین نتائج سے بچا جائے تاکہ شہریوں کے تحفظ میں مدد ملے‘۔
دونوں وزرائے خارجہ نے شام اور سعودی عرب کے تعلقات کے فروغ میں معاون طریقوں اور دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا۔ باہمی دلچسپی کے موضوعات پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔