تین میچوں میں مسلسل شکست کے بعد پاکستان کا مقابلہ آج جنوبی افریقہ سے
تین میچوں میں مسلسل شکست کے بعد پاکستان کا مقابلہ آج جنوبی افریقہ سے
جمعہ 27 اکتوبر 2023 6:50
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں شریک تمام ٹیموں نے ایونٹ میں اپنے پانچ پانچ میچ کھیل لیے ہیں۔
جمعرات کو بنگلورو میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کی انگلینڈ کے خلاف جیت کے بعد میگا ایونٹ کے پوائنٹس ٹیبل پر تبدیلی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
اگر ورلڈ کپ کے پوائنٹس ٹیبل پر نگاہ ڈالی جائے تو اس وقت انڈیا 10 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، جنوبی افریقہ 8 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، نیوزی لینڈ 8 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، آسٹریلیا 6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، سری لنکا 4 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں، پاکستان 4 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے، افغانستان 4 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں جبکہ بنگلہ دیش، انگلینڈ اور نیدرلینڈز بالترتیب دو دو پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں، نویں اور دسویں نمبر پر موجود ہیں۔
ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف شکست کے بعد پاکستان ٹیم کا سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے راستہ مشکل ضرور ہوا ہے تاہم گرین شرٹس اب بھی ایونٹ سے باہر نہیں ہوئے اور پوری طرح سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہیں۔
پوائنٹس ٹیبل پر تازہ ترین صورتحال کے بعد پاکستان ٹیم کو سیمی فائنل میں جانے کے لیے اپنے باقی چار میچ ہر صورت جیتنے ہوں گے تاہم صرف یہ ہی نہیں، پاکستانی مداحوں کو دوسری ٹیموں کے ہارنے کی بھی دعا کرنی ہو گی۔
پاکستان کے پاس سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے صورتحال کچھ یوں ہے کہ اگر گرین شرٹس اپنے باقی چار میچ جیتیں اور آسٹریلیا اپنے باقی چار میچوں میں سے دو میچ ہارے تو پاکستان 12 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں چلا جائے گا۔
اسی طرح اگر پاکستان اپنے باقی چاروں میچ جیتے اور نیوزی لینڈ کی ٹیم آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ یا سری لنکا سے ہار جائے تو پاکستان سیمی فائنل میں چلا جائے گا۔
صرف یہ ہی نہیں، اگر پاکستان اپنے باقی چاروں میچ جیتے اور جنوبی افریقہ انڈیا اور نیوزی لینڈ سے ہار جائے تو پاکستان سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لے گا۔
یہاں واضح رہے پاکستان کا نیٹ رن ریٹ جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے کم ہے لہذا پاکستان کو یہاں اس بات کو بھی یقینی بنانا ہو گا کہ اُس کا نیٹ رن ریٹ بہتر ہو کیونکہ اگر اُس کے پوائنٹس کسی ایک ٹیم کے ساتھ برابر ہو جاتے ہیں تو پاکستان کی قسمت کا فیصلہ نیٹ رن ریٹ پر ہو گا۔