Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایکسپو حج کانفرنس جنوری 2023 میں ہوگی، 56 ممالک کی شرکت

توقع ہے ایکسپو حج کے موقعے پر 400 معاہدے ہوں گے (فوٹو: سبق)
ایکسپو حج کانفرنس 9 سے 12 جنوری 2023 تک مکہ مکرمہ میں منعقد ہو گی۔ وزارتِ حج و عمرہ اس کا انعقاد کرے گی۔ گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل کانفرنس اور نمائش کی سرپرستی کریں گے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ایکسپو حج میں 56 ممالک کے وفود شریک ہوں گے۔
ایکسپو حج کا مقصد حرمین شریفین کی زیارت کو آسان بنانے کے لیے دنیا بھر کے اعلیٰ ذہنوں سے مدد لینا ہے جس سے سعودی وژن 2030 کے اہداف کی تکمیل ہوگی۔
ایکسپو حج زائرین کے لیے دنیا بھر کے ماہرین کے افکار و خیالات سے استفادے کی بدولت آرام و راحت کی نئی راہیں کھولے گی۔
وزیرِ حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ اس کانفرنس کی بدولت دنیا کے کامیاب ترین تجربات سے واقفیت حاصل ہوگی۔ 200 مختلف اداروں کے ماہرین کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
توقع کی جارہی ہے کہ ایکسپو حج کے موقع پر 400 معاہدے ہوں گے۔ عالمی برادری کی جانب سے اس میں بڑی دلچسپی لی جا رہی ہے۔ 56 سے زیادہ ممالک کے وفود کی شمولیت اس کا پتہ دے رہی ہے۔ اس کے 10 بڑے اجلاس ہوں گے۔ 13 مباحثے ہوں گے۔ حج ٹاک کی میٹنگیں جبکہ 36 ورکشاپس ہوں گی۔
ایکسپو حج کی سرپرستی متعدد کمپنیاں اور ادارے کریں گے۔
یاد رہے کہ ایکسپو حج کا پہلا ایڈیشن  2021 میں منعقد ہوا تھا۔ جس میں 115 معاہدوں پر دستخط کے حوالے سے کانفرنس نے بڑی کامیابی سمیٹی تھی۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: