Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی کو دھچکہ، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اسلام آباد سے گرفتار

اسد قیصر پر تعلیمی اداروں میں غیرقانونی طور پر بھرتیوں اور خردبرد کے الزامات ہیں (فائل فوٹو: پی ایم آفس)
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اسد قیصر کو اینٹی کرپشن خیبر پختونخوا نے جمعہ کے روز اسلام آباد کے علاقے بنی گالہ میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی کے بھائی عدنان خان نے ویڈیو بیان میں بتایا کہ ’ان کے بھائی کو سادہ لباس میں موجود اہلکاروں نے ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا۔‘
پی ٹی آئی رہنما کے ایک اور بھائی اور سابق رکن قومی اسمبلی عاقب اللہ خان کا کہنا ہے کہ ’زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے، ہمیں اس طرح ڈرانا آپ کی خام خیالی ہے۔‘
ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم جو کچھ کریں گے اس ملک کی فلاح وبہبود کے لیے کریں گے۔‘
اینٹی کرپشن خیبر پختونخوا کے مطابق ’اسد قیصر کو گجو خان میڈیکل کالج صوابی کے لیے طبی آلات کی خریداری میں کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔‘
پی ٹی آئی رہنما کے خلاف درج ایف آئی آر کے مطابق ’اسد قیصر اور محکمہ صحت کے چار افسران پر گجو خان میڈیکل کالج میں خردبرد کا الزام ہے۔‘
’تحقیقات میں اسد قیصر سمیت پانچ ملزمان کو قصوروار قرار دیا گیا ہے، ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے سرکاری خزانے کو 1 کروڑ 64 لاکھ 56 ہزار روپے کا نقصان پہنچایا۔‘
اینٹی کرپشن حکام خیبر پختونخوا کے مطابق ’اسد قیصر پر تعلیمی اداروں میں غیرقانونی طور پر بھرتیوں کا الزام بھی ہے۔‘

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ ’الیکشن کمیشن انتخابات سے قبل تمام جماعتوں کو یکساں ماحول کی فراہمی یقینی بنائے‘ فائل فوٹو: اے ایف پی)

اسد قیصر کی گرفتاری کو عدالت میں چیلنج کیا جائے گا: پی ٹی آئی
سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی گرفتاری کی پاکستان تحریک انصاف نے شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان تحریک انصاف کے مطابق ’عام انتخابات کے اعلان کے فوری بعد اسد قیصر کی گرفتاری الیکشن کی شفافیت کو متاثر کرنے کی ایک شرمناک کوشش ہے۔‘
’اسد قیصر کی گرفتاری شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے کردار پر سوالیہ نشان ہے۔‘
ترجمان کا کہنا ہے کہ ’تحریک انصاف کے رہنماؤں کی بلاجواز گرفتاریوں کا نہ رُکنے والا سلسلہ پارٹی کو انتخابی دوڑ سے باہر رکھنے کا بدنیتی پر مبنی منصوبہ ہے۔‘
الیکشن کمیشن قبل از انتخاب دھاندلی کی کوششیں ترک کر کے عام انتخابات سے قبل تمام جماعتوں کو یکساں ماحول کی فراہمی یقینی بنائے۔‘
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق ’اسد قیصر کی گرفتاری کو عدالتی فورم  پر چیلنج کیا جائے گا۔‘

شیئر: