Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر خارجہ کی اردن میں غزہ پر عرب، امریکی اجلاس میں شرکت

اجلاس میں امریکی  وزیر خارجہ کو عرب موقف سے آگاہ کیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اردن کے دارالحکومت عمان میں غزہ سے متعلق عرب،امریکی اجلاس میں شرکت کی ہے۔
 ایس پی اے اور عرب نیوز کے مطابق اجلاس میں عرب موقف پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں بے گناہ شہریوں کی جانوں کا ضیاع بننے والے فوجی آپریشن کو فوری طور پر روکنے اور غزہ میں انسانی امداد کی فوری فراہمی ٖپرزور دیا گیا۔
ملاقات میں ایک مستحکم ماحول پیدا کرنے اور امن کی راہ کی بحالی، فلسطینی عوام کو ان کے جائز حقوق اور ایک منصفانہ اور دیرپا امن کے حصول کو یقینی بنانے کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی وزیر خارجہ کی سربراہی میں عرب وزرائے خارجہ اور ایک فلسطینی عہدیدار نے امریکی  وزیر خارجہ انتونی بلنکن کو عرب موقف سے آگاہ کیا جس میں بے گناہ شہریوں کی جانیں لینے والی فوجی کارروائیوں کو روکنے اور فوری طور پر انسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا گیا۔
 ملاقات میں وزرائے خارجہ نے غزہ اور اس کے گرد ونواح میں فوجی کارروائیوں میں اضافے کو روکنے کی کوششوں کی سپورٹ کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
اس کے علاوہ انسانی بحران کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لیے ریلیف اور میڈیکل ایڈ کے طریقے متعارف کرانے کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی بات چیت کی گئی۔
سعودی وزیر خارجہ نے غزہ کے باشندوں کی جبری بے دخلی کو مملکت کی طرف سے پھر مسترد کرنے پر زور دیا اور کہا  کہ  سعودی عرب شہریوں کو کسی بھی طرح سے نشانہ بنانے، بنیادی ڈھانچے اور اہم مفادات کو متاثر کرنے کی مذمت کرتا ہے۔
علاوہ ازیں شہزادہ فیصل بن فرحان نے عمان میں عرب رابطہ اجلاس میں بھی شرکت کی جس کا مقصد غزہ پر اسرائیلی جنگ اور اس کے نتیجے میں خطے میں انسانی بحران کو روکنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کویکجا کرنا تھا۔
اجلاس کے دوران سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ ’عالمی برادری کو خطے میں فوجی کارروائیاں روکنے کےلیے اپنی ذمہ داریاں اس طرح پوری کرے جو نہتے شہریوں کا خون بہنے سے روکنے میں کردار ادا کرے‘۔

شیئر: