ابوظبی میں ’خطرناک ڈرائیوروں‘ کی نگرانی کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال
ابوظبی محکمہ ٹریفک نے خطرناک ڈرائیوروں کی خلاف ورزیاں مصنوعی ذہانت کے ذریعے ریکارڈ کرنا شروع کردیں۔
الامارات الیوم کے مطابق محکمہ ٹریفک کے ماتحت ’محفوظ شہر‘ سینٹر کے ڈائریکٹر انجینیئر احمد الشامسی نے کہا کہ ’شاہراہوں پر ’خطرناک ڈرائیور سسٹم‘ استعمال کیا جارہا ہے۔ اس کے تحت خودکار نظام کے تحت خطرناک ڈرائیوروں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جاتی ہے۔ یہ کام خودکار طریقے سے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے انجام دیا جارہا ہے۔‘
الشامسی نے بتایا کہ ’محکمہ ٹریفک نے مصنوعی ذہانت سے لیس کیمرے نصب کردیے ہیں۔ ان کے ذریعے پتہ چل جاتا ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل استعمال کیا گیا یا نہیں۔ اس کے علاوہ ڈرائیوروں کے اچانک مڑ جانے یا فٹ پاتھوں کے کونے استعمال کرنے یا گاڑیوں کے درمیان ضروری فاصلہ نہ رکھنے جیسی سرگرمیاں نوٹ کی جاتی ہیں۔‘
الشامسی نے توجہ دلائی کہ ’ابوظبی ٹریفک پولیس گاڑیوں کی مختلف خلاف ورزیاں ریکارڈ کرنے کے لیے ڈیجیٹل سسٹم کی مدد لے رہا ہے۔ اس کے تحت زائد المیعاد پرمٹ والی گاڑیوں اور ٹرکوں ڈرائیوروں کی جانب سے کی جانے والی خلاف ورزیاں پکڑی جارہی ہیں۔‘
ابوظبی محکمہ ٹریفک نے توجہ دلائی ہے کہ ’مصنوعی ذہانت ٹیکنالوجی کی مدد سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ چھ خلاف ورزیاں ایسی ہیں جو مہلک حادثات کا سبب بن رہی ہیں۔ ان میں ڈرائیور کا اچانک مڑ جانا، گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ برقرار نہ رکھنا، ڈرائیور کا شاہراہ سے توجہ ہٹ جانا (موبائل یا کسی اور وجہ سے)، ریڈ سگنل توڑنا، اطمینان کیے بغیر چھوٹی سڑک سے بڑی شاہراہ پر آجانا اور مقررہ رفتار کا خیال نہ رکھنا شامل ہیں۔‘
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں